• news

مشرف کی لگائی گئی ایمرجنسی کو 6 سال ہو گئے، ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے

اسلام آباد+لاہور(آئی این پی+خبر نگار+ ثناء نیوز) سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف کی طرف سے  3نومبر 2007ء کو لگائی گئی ایمرجنسی کو 6سال مکمل ہوگئے، ملک بھر میں صحافیوں اور سول سوسائٹی  نے ایمرجنسی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ سابق صدر پرویز مشرف  نے ایمرجنسی لگانے کے بعد آزادی صحافت کا گلا گھوٹنے کیلئے کئی پابندیاں عائد کیں جس کا نتیجہ ملک گیر احتجاجی تحریک کی صورت میں نکلا۔ ایمرجنسی کے دوران صرف ملکی ہی نہیں بلکہ غیر ملکی ٹی وی چینلزکی نشریات کو بھی کیبل پر بند کرا دیا گیا۔ بیرون ممالک سے نشریات دکھانے والے پاکستانی چینلنز کی نشریات روکنے کے لئے حکومت نے بیرون ممالک کی حکومتوں پر بھی اپنا اثر و رسوخ استعمال کیا۔ دریں اثناء سپریم کورٹ بار کے سابق صدر علی احمد کرد نے کہا ہے وکلاء کی جانب سے عدلیہ بحالی کی تحریک ایک شخص جسٹس افتخار چوہدری کی بحالی کے لیے نہیں تھی بلکہ 18کروڑ غریب عوام کی بھلائی اور سستا اور فوری انصاف کے لیے تھی وہ محض تحریک نہیں تھی انقلاب تھا جس کے نتیجے میں چند لوگوں نے مراعات حاصل کرلیں غریب آج بھی وہیں کھڑا ہے اسے کچھ نہیں ملا۔ اسے جو روٹی ملی ہے اس کا وزن بھی کم ہے جو ایک طرف سے جلی ہوئی اور دوسری طرف سے کچی ہے جسے وہ نہ کھا سکتا ہے اور نہ پھینک سکتا ہے۔ غریبوں پر ہونے والے ظلم کا مداوا نہ حکومت کررہی ہے اور نہ ہی عدلیہ۔ وہ گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقد کی جانے والی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن