مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کا حریت قیادت کے خلاف کر یک ڈائون ‘ گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ
سرینگر (اے این این ) بھارتی فوج کا حریت قائدین کے خلاف کریک ڈاؤن، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال، گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ، راجہ معراج الدین کو اہلیہ سمیت تھانے میں بند کر کے تذلیل کی گئی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ڈاکٹرغلام محمد گنائی کی طرف سے موصولہ بیان کے مطابق وانپورہ کھڈونی میں کریک ڈاون کے دوران تحریک حریت کے صدر ضلع کولگام محمد شعبان ڈارجو آجکل کٹھوعہ جیل میں پی ایس اے کے کالے قانون کے تحت اسیری کے دن کاٹ رہے ہیں کے گھر اور مکانوں کی تلاشی کے دوران مکینوں کو ہراساں وپریشان کیا گیا دھمکیاں دی گئیں۔ محمد شعبان کے فرزند شاہد احمد ڈار کے موبائل فون کو چیک کیا گیا تو اس میں سید علی گیلانی کا فوٹو دیکھنے پر شاہد کی سخت مار پیٹ کی گئی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ گذشتہ دنوں گاگرین شوپیان کے واقع کے خلاف وادی میں جو مظاہرے ہوئے ان کے سلسلے میں ریڈونی بالا کولگام کے چند نوجوانوں کو بے بنیاد اور فرضی کیسوں میں پھنسائے جانے کی پولیس کی طرف سے کوشِشیں جاری ہیں۔ کئی نوجوان لاپتہ کر دیئے گئے ہیں۔ دریں اثناء نوگام تھانے میں حریت رہنما راجہ معراج الدین اور ان کی اہلیہ کے ساتھ تذلیل آمیز سلوک کیا گیا جس کی علی گیلانی نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خبر دار کیا کہ ان کو کسی قسم کی گزند پہنچی تو اس کی تمام تر ذمہ داری پولیس پر ہو گی۔