شہبازشریف لاہور پہنچنے کے چند گھنٹے بعد ہی راولپنڈی چلے گئے، ڈینگی کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی
لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ترکی، جرمنی اور برطانیہ کے دورے کے بعد علی الصبح لندن سے لاہور پہنچے۔ وطن واپس پہنچنے کے چند گھنٹوں بعد ہی وہ راولپنڈی روانہ ہوگئے جہاں انہوں نے کمشنر آفس میں ڈینگی کی صورتحال اور انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعلیٰ نے بعد ازاں ہسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی عیادت کی۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ اپنے غیر ملکی دورے کے دوران بھی صوبے میں ڈینگی کے تدارک کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا مسلسل جائزہ لیتے رہے ہیں۔ انہوں نے برلن اور لندن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے لاہور اور راولپنڈی میں اجلاسوں سے خطاب کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ وطن واپس پہنچنے کے بعد بھی وزیراعلیٰ نے فوری طور پر انسداد ڈینگی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے راولپنڈی کا دورہ کیا۔ ہسپتال کے دورہ کے موقع پر مریضوں کے عزیزواقارب نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ جس طرح انہوں نے 2011 اور 2012 میں ڈینگی کو شکست دی تھی اب بھی وہ ڈینگی کے خلاف ضرور کامیاب ہوں گے۔