• news

’’اے اللہ ہم سے راضی ہو جا! پوری دنیا میں دین کی ہوا ئیں چلا دے‘‘ تبلیغی اجتماع کا رقت آمیز دعا سے اختتام

رائے ونڈ (نامہ نگار) رائیونڈ میں جاری سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا سیشن مرکزی امیر جماعت مولانا زبیر الحسن آف انڈیا کی رقت آمیز اجتماعی دعا کے بعد اختتام پذیر ہوگیا، دعا سے قبل مولانا زبیر الحسن نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ اس وقت امت کو باتوں کی بجائے عمل کرنے کی ضرورت ہے، جب تک ہم نبیوں  والے اس کام کی اہمیت اور فضیلت کو دل سے محسوس نہیں کریں گے ،اس کام کو صحیح طریقے سے نہیں سیکھیں گے، دین پر نہیں چلیں گے، سخت نقصان میں رہیں گے، ہمیں اپنے اعمال کو درست کرکے اس کام کو سیکھنا ہو گا، تبھی ہمارا فائدہ ہوگا، پوری زندگی کو شریعت محمدیؐ کے مطابق گزارنے کا عہد کرنا ہوگا، صرف اسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے، نبی اکرمؐ کا بندی بن کر رہنا ہوگا، اللہ غیروں کی چالوں سے ہماری حفاظت فرمائے، ہمیں اس کام کیلئے قبول فرما لے اور ہم سے راضی ہو جائے،10بجے دعا شروع ہوئی۔ مولانا زبیر الحسن نے کہا کہ اے اللہ پوری دنیا میں دین کی ہوائیں چلا دے، اس عظیم کام کی بصیرت اور عظمت دل میں پیدا فرما دے، دنیا کی محبت دل سے نکال دے، ہمیں عملوں اور سنتوں کو زندہ کرنے کا شوقین بنا دے، گناہوں کی نفرت دل میں پیدا فرما دے، غیروں کی نقالی کرنے سے منع فرما دے، نبیؐ کے نقش قدم پر چلنا آسان فرما دے، استقامت کی دولت سے مالامال فرما دے، یا اللہ اس کام کی حفاظت فرما، پوری انسانیت پر اپنا فضل فرما، اس کام پر اپنا جان و مال قربان کرنے والا بنا دے، اے اللہ ہمارے ایمان میں ترقی نصیب فرما، ہمیں نیک اعمال اور نمازوں کا اہتمام کرنے والا بنا دے، اے اللہ اسلام اور دین کی حفاظت فرما، دینی مراکز کی حفاظت فرما، اے اللہ کرم کا معاملہ فرما اور ہمیں اس کام کیلئے قبول فرما لے، ہمیں خسارے میں جانے والوں میں نہ رکھنا، اللہ ہماری توبہ قبول فرما لے، شرکاء روتے ہوئے سسکیاں اور ہچکیاں لیتے رہے۔ اجتماعی دعا میں لگ بھگ 10لاکھ افراد شریک ہوئے، گردونواح سے بھی لاکھوں کی تعدا میں لوگ شامل تھے۔ آخری روز تبلیغی مرکز روڈ کو حساس قرار دیکر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔ آخری روز اجتماعی دعا سے قبل امیر جماعت پاکستان حاجی عبدالوہاب کا اختتامی مفصل بیان بھی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کفر، شرک اور بدعات کے سیاہ اندھیرے توحید و سنت کے نور سے ہی چھٹیں گے، اللہ تعالیٰ کے پیغام ہدایت کو اپنانا اور سنت نبوی ؐ کے مطابق پوری انسانیت تک پہنچانا امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے جس سے روگردانی کرکے مسلمان پریشانیوں اور ذلتوں کا شکار ہیں۔ مسلم اُ مہ دنیاوی لذتوں کو پس پشت ڈال کر اُخروی زندگی کی کامیابیاں سمیٹنے کیلئے اپنی سمت کو درست کرے۔ اللہ تعالیٰ انہیں دنیا کی کامیابیاں بھی نصیب کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی کامیابی اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کرنے میں اور حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے مبارک طریقوں میں ہے مگر بدنصیبی سے آج شرک و بدعات عام ہیں جس کی وجہ سے کفر غالب نظر آرہا ہے مسلمان اپنے عقائد کو قرآن و سنت کے سانچے میں ڈھالیںاور توحیدوسنت کی دعوت لے کر انسانیت کی رہنمائی کیلئے نکلیں اسی میں ہی کامیابی کا راز مضمر ہے۔ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ 7 نومبر کو شر وع ہو گا۔ تبلیغی اجتماع کے موقع پر 500 جوڑوں کے اجتماعی نکاح حاجی عبدالوہاب اور مولانا محمد زبیر نے پڑھائے۔

ای پیپر-دی نیشن