• news

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں انسداد ڈینگی ڈے منایا گیا ‘ریلیاں

 لاہور (نیوز رپورٹر+ سٹاف رپورٹر+ خبرنگار+ نمائندگان) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر عوام میں ڈینگی کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لئے گزشتہ روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد ڈینگی ڈے منایاگیا۔ صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں سیمینارز اور واکس کا اہتمام کیا گیا۔ واکس کی قیادت صوبائی وزرا، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، ڈویژنل کمشنروں اور ڈی سی اوز نے کی جب کہ ان میں طلباوطالبات اور متعلقہ محکموں کے افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واکس اور سیمینارز میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، طلباوطالبات، سماجی کارکنوں نے شرکت کی۔ریلیوں کے دوران شہریوں میں ڈینگی مہم کے سلسلے میں پمفلٹ اور بروشر تقسیم کئے گئے جب کہ کئی شہروں میں چھٹی کے باوجود سرکاری دفاتر  اور تعلمی ادارے کھلے رہے اور سرکاری محکموں کے افسران ملازمین اور طلباوطالبات نے ڈینگی کے حوالے سے ریلیوں میں بھرپور شرکت کی۔ داتا گنج بخش ٹاؤن میں واک کی قیادت صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کی جبکہ ممبر صوبائی اسمبلی ماجد ظہور، سیکرٹری بلدیات جواد رفیق ملک، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی او لاہور، سکولوں کے بچوں، خواتین اور علاقے کے لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔  کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے چیئرمین و صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے شہریوں سے کہاکہ وہ گھروں میں پانی کے برتنوں کو ڈھانپ کر رکھیں اور پوری آستین والا لباس پہنیں۔  یہ بات انہوں نے گلشن راوی میں واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ واہگہ ٹاؤن میں جلوموڑ سے باٹا پور تک واک منعقد ہوئی جس کی قیادت صوبائی وزیر ماحولیات کرنل (ر) شجاع خانزادہ اور سیکرٹری ماحولیات انور رشید نے کی۔ شالیمار ٹاؤن میں واکس کی قیادت کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمن نے کہاکہ شہبازشریف کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے لاہور کو ڈینگی فری بنا دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صحت خلیل طاہر سندھو نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انسداد ڈینگی کے پروگراموں میں عوام کی شرکت ، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور رضا کاروں پر مشتمل سرویلنس ٹیموں کے گھر گھر آگاہی پھیلانے سے ڈینگی کے مسئلے پر قابو پانے میں کامیابی حاصل ہوگی۔ تمام ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ سمن آباد ٹاؤن میںانسداد ڈینگی واک گول چکر تک منعقد کی گئی جس کی قیادت رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق اور سیکرٹری تعلیم عبدالجبار شاہین نے کی۔ صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید سلطان ہارون نے ایوان اوقاف نے نکلنے والی واک کی قیادت کی ۔ راوی ٹاؤن میں انسداد ڈینگی ڈے کے سلسلے میں گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال سے شاہدرہ موڑ تک آگاہی واک منعقد ہوئی جس کی قیادت ممبر قومی اسمبلی ملک ریاض اور ممبر صوبائی اسمبلی عمران نذیر او رسیکرٹری لیبر کیپٹن (ر) یوسف نے کی۔اقبال ٹاؤن میںعوام میں ڈینگی کے خلاف شعور و آگاہی بارے واک کا اہتمام کیاگیا۔ واک میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی افضل کھوکھر، میاں مرغوب، سیف الملوک کھوکھر، ذوالفقار گجر کے علاوہ سیکرٹری کوآپریٹو، دانشوروں اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کے شرکت کی۔ گلبرگ ٹاؤن اور محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام لبرٹی چوک سے حسین چوک تک نکلنے والی واک کی قیادت ممبر صوبائی اسمبلی محسن لطیف اور سیکرٹری بہبود آبادی الطاف ایزد خاں نے قیادت کی۔ محکمہ صحت پنجاب کے زیر اہتمام یوم انسداد ڈینگی ڈے کے سلسلے میں کوپر روڈ سے واک منعقد کی گئی۔  لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیراہتمام چیئرمین خواجہ احمد حسان کی قیادت میںنصیر آباد میں آگہی واک کا اہتمام کیا گیا۔  دریں اثناء ایل ڈبلیو ایم سی کے زیر اہتمام مدینہ کالونی باغبانپورہ میں بھی آگاہی کیمپ لگاکر واک کی گئی۔داتا گنج بخش ٹائون کی ڈینگی ایمرجنسی  رسپانس کمیٹی کے زیراہتمام ڈینگی آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔  علاوہ ازیں ڈائریکٹویٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ  کی جانب سے ڈینگی ڈے پر واک کا اہتمام کیا گیا۔ گلبرگ ٹاؤن اور محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام لبرٹی چوک سے حسین چوک تک محسن لطیف کی قیادت میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ جلو موڑ سے واہگہ ٹائون تک بھی محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کے زیراہتمام واک کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر ماحولیات کرنل ر شجاع خان  زادہ اور سیکرٹری ماحولیات پنجاب انور رشید نے قیادت کی جس میں ارکان اسمبلی افسران اہلکار، این جی اوز، سیاسی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں انسداد ڈینگی ڈے کے سلسلہ میں آج محکمہ زکوۃ و عشر پنجاب کے تمام ڈویژنل و ضلعی دفاتر کھلے رہیں اورحکومتی ہدایات کے مطابق عوامی آگہی کے سلسلہ میں اینٹی ڈینگی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ محکمہ صحت پنجاب کے زیراہتمام یوم انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے دفتر سے پنجاب اسمبلی تک آگہی واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت سپیشل سیکرٹری صحت پنجاب بابر حیات تارڑ نے کی۔ اس مرض سے محفوظ رہنے کے بارے میں احتیاطی تدابیر درج تھیں۔ واہگہ  ٹائون کی جانب سے ڈینگی  ڈے بھرپور طریقے سے منانے کے لئے جلو موڑ سے باٹا پور تک واک کی گئی جس میں صوبائی وزیر ماحولیات شجاع خانزادہ،  ایم این اے سہیل شوکت بٹ، ایم پی اے حبیب اعوان، سیکرٹری ماحولیات انوررشید، ٹی ایم او کے علاوہ لیڈی ہیلتھ ورکرز سیاسی ورکرز عملہ صحت، عملہ ٹی ایم اے ، محکمہ تعلیم کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔  سوشل سکیورٹی کے تمام دفاتر اور ہسپتال معمول کے مطابق کھلے رہے اور پنجاب بھر میں سوشل سکیورٹی کے دفاتر اور ہسپتالوں میں سیمینارز اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ شیخ زاید ہسپتال لاہور میں زیرِ انتظامیہ ڈینگی ڈے کا بھرپور اہتمام کیا گیا جس میں ہسپتال کے تمام شعبوں کے عملے نے بھرپور شرکت کی۔ وزیر اوقاف و مذہبی امور ہارون سلطان بخاری اور سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور ثاقب عزیز کی قیادت میں محکمہ اوقاف کے علمائ، خطباء اور ملازمین نے ایوان اوقاف سے جی پی او چوک تک اینٹی ڈینگی ڈے کے حوالے سے واک کی۔ علاوہ ازیں  جی سی یو نیورسٹی کی کمیٹی برائے ڈینگی کنٹرول (سی ڈی سی ) کے زیر اہتمام انسداد ڈینگی ڈے کے سلسے میں ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔علاوہ ازیں وزیر صحت پنجاب خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے داخلے اور علاج میں کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ مذکورہ ہسپتالوں میں قائم کیے گئے آئیسولیشن وارڈز اور ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس میں زیر علاج مریضوں کی نسبت گنجائش کہیں زیادہ ہے۔  نمائندگان کے مطابق حافظ آباد  میں تمام سزکاری دفاتر اتوار کی چھٹی کے باوجود  کھلے رہے۔ گورنمنٹ کالج فار بوائز  اور گورنمنٹ اسلامیہ کالج فار ویمن  کے طلباوطالبات نے ریلیاں نکالیں اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ گوجرانوالہ میں ڈائریکٹوریٹ  آفس ایجوکیشن کالجز  نے سوشل سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ کے زیراہتمام ریلیاں نکالی گئیں۔ شیخوپورہ میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ  اور دیگر محکموں کی چوک جناح پارک تک ریلی نکالی گئی۔ننکانہ صاحب میں بھی ایک واک کا اہتمام کیا گیا اور ڈی ڈی سی او ننکانہ ڈاکٹر عثمان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔  فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، جوہر آباد، جھنگ، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی گزشتہ روز ریلیاں نکالی گئیں اور سیمینارز کا اہتمام کیا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن