وزیراعظم کی ہدایت پر ایل پی جی کی قیمت میں 7 روپے کلو اضافہ واپس
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعظم کی ہدایت پر اوگرا کے سخت اقدام پر ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمتوں میں 7 روپے فی کلو اضافہ واپس لے لیا۔ قیمتیں اکتوبر کے مہینے کے مطابق ہی ہونگی۔ تفصیلات کے مطابق مختلف شہروں میں آج سے ایل پی جی کی قیمت کراچی، رحیم یار خان، سکھر، حیدرآباد میں 130 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1510 روپے، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرنوالہ، گجرات، سیالکوٹ، اوکاڑہ، اٹک، میرپور، جہلم، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان میں 135 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1570 روپے، گلگت بلتستان، فاٹا، مظفر آباد، باغ، ناران، کاغان، مری، نتھیا گلی میں 155 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1810 روپے ہو گی۔ نئی قیمت پر گیس فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی جس کے لئے پلانٹوں پر چھاپے مارنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن کے چیئرمیں عرفان کھوکھر نے اس اقدام پر وزیراعظم پاکستان، وزارت پٹرولیم اور اوگرا کا شکریہ ادا کیا ہے۔