• news

نیٹو سپلائی بند کی تو پاکستان عالمی سطح پر تنہا ہوجائیگا: وزیر اطلاعات

 اسلام آباد (آن لائن + اے این این) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے حکومت طالبان کیساتھ مذاکرات اور امن عمل کو آگے بڑھانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی ، ڈرون حملے میں حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد نیٹو سپلائی لائن بند کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے کیا جائیگا، سپلائی بند کی گئی تو پاکستان عالمی سطح پر تنہا  ہوکر رہ جائیگا۔ ایک انٹرویو میں پرویز رشید نے کہا ملک کی منتخب لیڈر شپ یہ چاہتی ہے، حکومت طالبان سے مذاکرات کرے اور حکومت اپنی اس ذمہ داری کو نبھانے کیلئے سنجیدہ کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا ڈرون حملوں کے معاملے پر نہ صرف امریکہ بلکہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر آواز اٹھائی جائیگی۔ انکا کہنا تھا امریکہ نے حکومت پاکستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی کھل کر حمایت کی تھی، وہ مذاکراتی عمل کی حمایت کرتا ہے تو اسے وہی رویہ اپنانا ہوگا جو دوحہ  میں امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات میں پاکستان نے اپنایا تھا۔ نیٹو سپلائی کی بندش کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا اس بارے میں پارلیمنٹ کی تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ملکی مفاد کے مطابق ہی فیصلہ کیا جائیگا ۔ نیٹو سپلائی کی بندش ڈرون حملے بند کرانے کیلئے مددگار نہیں ہوسکتی، یہ تجربہ اس سے پہلے بھی ناکام ہوا ہے۔ اے این این کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا وزیراعظم نواز شریف نے وزیر داخلہ کو شمالی وزیرستان میں حالیہ ڈرون حملے میں حکیم محسود کی ہلاکت کے بعد مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا ٹاسک دیدیا اور دو روز میں رپورٹ طلب کی ہے۔ دوبارہ آل پارٹیز کانفرنس بلانے یا نہ بلانے کا فیصلہ کرنے کا اختیار بھی چودھری نثار کو دے دیا گیا۔ انہوں نے کہا نیٹو سپلائی کی بندش کے حوالے سے صوبائی اسمبلی میں پیش کی جانیوالی قراردادوں کا فیصلہ متعلقہ اسمبلیوں نے خود کرنا ہے۔ قومی اسمبلی میں کوئی قرارداد آئی تو اتحادیوں اور اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائیگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن