لاہور ہائیکورٹ نے ایاز صادق کیخلاف پٹیشن پر الیکشن ٹربیونل کو کارروائی سے روک دیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے لاہور کے قومی اسمبلی حلقہ این اے 122 سے کامیاب ایم این اے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف عمران خان کی طرف سے دائر الیکشن پٹیشن پر الیکشن ٹربیونل کو کارروائی سے روکتے ہوئے الیکشن کمشن آف پاکستان سے 15 نومبرکوجواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز عدالت نے کیس کی سماعت شروع کی تو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے انکے خلاف دائرپٹیشن میں غیر مصدقہ دستاویزات لگائی گئی ہیں۔ عمران خان نے پٹیشن میں اصل بیان حلفی منسلک کرنے کی بجائے اسکی نقل لف کی ہے۔ یہ نکات الیکشن ٹربیونل کے علم میں بھی لائے گئے مگر انہوں نے کارروائی جاری رکھی ہے جو انتخا بی قوانین کی خلاف ورزی ہیں جس پر عدالت نے سردار ایاز صادق کے خلاف عمران خان کی طرف سے دائر الیکشن پٹیشن پر الیکشن ٹربیونل کو کارروائی سے روکتے ہوئے الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 نومبر کو جواب طلب کر لیا۔