امریکہ سے نیٹو کنٹینروں کی راہداری پر معاہدوں سے آگاہ کیا جائے: چودھری شجاعت
لاہور (این این آئی) مسلم لیگ (ق)کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ قوم حکومت سے پوچھنا چاہتی ہے کہ وزیراعظم کے حالیہ دورۂ امریکہ اور اس سے پہلے دور میں نیٹو کنٹینروں کی راہداری کے بارے میں امریکہ کے ساتھ جو معاہدے کیے گئے ان سے قوم کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ جس بڑی تعداد میں نیٹو کے کنٹینر جانے ہیں وہ غالباً ساڑھے سات لاکھ ہے جن میں سے 70 فیصد پاکستان کی سرزمین استعمال کریں گے۔ اس حساب سے سات منٹ میں ایک کنٹینر پاکستانی سرحد سے گزرے گا جبکہ ان کنٹینروں کے ذریعے قریباً 35 بلین ڈالر کا سازو سامان لے جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بتایا جائے کہ اس سے پاکستان کے مفادات کو کیا فائدہ یا نقصان پہنچے گا۔ نیٹو کے کنٹینروں کی راہداری کے سلسلہ میں امریکی حکومت کو کیا یقین دہانیاں کرائی گئی ہیں؟ کیا طریق کار وضع کیا گیا ہے اور اس کے عوض کیا تفصیلات طے کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ اس اہم اور حساس ترین مسئلہ پر قوم کو اعتماد میں لے اور اس سلسلہ میں تمام حقائق اور تفصیلات سے آگاہ کرے۔