سندھ اسمبلی میں شادی کی تقریب پر کونسی قیامت آ گئی: سراج درانی
کراچی(اے پی اے) سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی میں شادی کی تقریب پر اتنا واویلا غیر ضروری ہے، سی ایم ہاوس اور گورنر ہاوس میں بھی شادی ہوتی رہی ہے سندھ اسمبلی میں ہو گئی تو کون سے قیامت آگئی، اسمبلی میں شادی کرنا قانونا منع نہیں ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپیکر سندھ اسمبلی کو بہت اختیار حاصل ہوتے ہیں، کسی کو اختیارات کے بارے میں جاننا ہے تو اس کو کتاب فراہم کردیں گے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں شادی کی تقریبات نہیں ہونی چاہئے، اگر ہوئی ہے تو سپیکر کو اختیارات حاصل ہوں گے، سپیکر نے بھی اپنے عمل کی وضاحت کر دی ہے، تحریک انصاف کے رہنما عبدالحفیظ الدین ایڈووکیٹ نے کہاکہ سپیکر سندھ اسمبلی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، جبکہ رہنما فنکشنل لیگ جام مدد علی کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی میں شادی کی تقریب کرکے سپیکر نے اختیارات کا غیر قانونی استعمال کیا، ماضی میں تاریخ ساز ادارے میں ایسی کوئی نجی تقریب منعقد نہیں ہوئی۔