• news

عمران خان پوری قوم کو خودکش جیکٹ پہنانا چاہتے ہیں: رانا ثناء اللہ

لاہور (خصوصی رپورٹر+این این آئی)  پنجاب کے  وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان  اور طالبان کی سوچ میں کوئی فرق نہیں۔ طالبان وزیرستان میں رہتے ہیں اور عمران خان شہر میں، عمران خان اور ان کی ٹیم پوری قوم کو خودکش جیکٹ پہنانے پر تلی ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان 62 سال کے ہو گئے لیکن وہ ابھی تک نابالغ ہیں۔ پوری قوم سمجھتی ہے کہ امریکہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کو سبوتاژ کر رہا ہے۔ این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا تحریک انصاف ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مذاکرات کے عمل کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ‘ طالبان کا مذاکرات روکنے کا فیصلہ درست نہیں اور تحریک انصاف کا اس عمل کو جائز قرار دینا انتہائی افسوسناک ہے۔ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ عمران خان کا طالبان کا دفتر کھولنے اور نیٹو سپلائی بندش کے بیانات انتہائی افسوسناک‘ غیر آئینی او ر غیر دانشمندانہ ہیں۔ وہ ملک و قوم اور اپنی پارٹی کا وقت ضائع کرنے کی بجائے سیاست کو خیر باد کہیں اور پی سی بی کی چیئرمین شپ سنبھالیں۔ وفاقی حکومت سے سنجیدگی سے بات کروں گا۔ عمران خان کو موقع دیں تاکہ وہ ٹیم کو اگلا ورلڈ کپ جتوانے کی تیاری کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم سنجیدگی کے ساتھ طالبان سے مذاکرات بارے سوچ رہی ہے ، پوری قوم کا موقف ایک طرف اور عمران خان کا موقف ایک طرف ہے۔ تحریک انصاف نیٹو سپلائی کی بندش کی باتیں ’’سٹیٹ ود ان سٹیٹ‘‘ والی بات ہے۔ نیٹو سپلائی روکنے کا فیصلہ کوئی جماعت تن تنہا نہیں کر سکتی اس کے لئے تمام جماعتیں مل کر بیٹھیں گی اور فوج کو بھی اس میں مکمل اعتماد میں لیا جائے گا۔ محرم الحرام میں سکیورٹی کی وجہ سے پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ نو، دس محرم الحرام کو موبائل سروسز معطل نہیں کی جائیں گی، ضلعی انتظامیہ کو ڈبل پر سواری پر پابندی کا اختیار حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور الیکشن کمشن ہمیں 7 یا 27 دسمبر جب بھی کہے گا ہم انتخابات کرانے کیلئے تیار ہیں۔  

ای پیپر-دی نیشن