تحریک انسداد سود کی کامیابی کیلئے عوامی سطح پررابطوں کو فعال بنایا جائیگا: ملی مجلس شرعی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وطن عزیز سے سودی نظام کے خاتمہ اور وفاقی شرعی عدالت میں زیر سماعت کیس پر غور کرنے کیلئے ملی مجلس شرعی، علمائے کرام اور دانشوران کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سود کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کو تحریک انسداد سود کا نام دے دیا گیاہے۔ اجلاس قرآن اکیڈمی ماڈل ٹائون لاہور میں منعقد ہوا جس میں رابطہ کمیٹی کے کنوینرمولاناابو عمار زاہد الراشدی، مولانا امیر حمزہ، فرید پراچہ، اوریا مقبول جان، حافظ عاکف سعید، عاطف وحید، عبدالغفار روپڑی، عبدالوہاب روپڑی، قاری محمد یعقوب شیخ، ابراہیم اوڈیلو، ڈاکٹر محمد امین، مظفر شاہ، عبدالرئوف فاروقی، منیر احمد صدیقی ایڈووکیٹ، فرحت عباس شاہ اور محترمہ حمیرا اویس شاہد نے شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ تحریک انسداد سود کی کامیابی کیلئے عوامی سطح تک رابطوں کو فعال بنایا جائے اور حکومت پر دبائو بڑھایا جائے کہ وہ ملک سے سودی نظام کو ختم کر کے اسلامی معاشی نظام رائج کرے۔