پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی نوعیت کی بات چیت شروع,معاشی اہداف کے حوالے سے بریفنگ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی نوعیت کی بات چیت شروع ہو گئی ہے اور عالمی مالیاتی ادارے کو بتایا گیا ہے کہ پروگرام کے تحت سہ ماہی کے تمام معاشی اہداف کو پورا کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ گزشتہ روز آئی ایم ایف نے ٹیم کو معاشی اہداف کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ٹیم کو بتایا گیا کہ بجٹ کا خسارہ 286 بلین روپے رہا جو 1.1 فیصد بنتا ہے جو ہدف کے مطابق ہے۔ بجلی کے سیکٹر کو بھی سبسڈی بجٹ کے اندر رہتے ہوئے دی گئی۔ وفد نے بتایا کہ مالی سال کے باقی عرصہ میں بھی بجٹ کے ہدف کو عبور نہیں کیا جائےگا۔ آئی ایم ایف کی ٹیم کے ساتھ ابھی ایک دو روز بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا جس کے بعد مالیاتی ادارہ 550 ملین ڈالر کے قرضہ کی قسط کے اجراءکی منظوری دے گا۔