• news

بلوچستان میں حملوں کے باوجود زلزلہ متاثرین کی مدد جاری رکھیں گے: جنرل کیانی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بلوچستان میں زلزلہ سے متاثرہ ضلع آواران کا دورہ کیا جہاں امدادی کاموں میں مصروف پاک آرمی کی فیلڈ فارمیشن کی طرف سے انہیں بریفنگ دی گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ زلزلہ کی تباہی کے علاوہ آواران شدت پسندوں کا بھی گڑھ سمجھا جاتا ہے اور یہاں ایک شدت پسند ڈاکٹر اللہ نذیر بلوچ کا آبائی علاقہ ہے۔ کسی آرمی چیف کی طرف سے اس علاقہ کا پہلی بار دورہ کیا گیا۔ جنرل کیانی نے تمام تر مشکلات کے باوجود فوج اور ایف سی بلوچستان کی طرف سے یہاں متاثرین زلزلہ کیلئے فوری امداد فراہم کرنے پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ شدت پسندوں کی طرف سے خلل ڈالنے کی کوششوں کے باوجود فوج وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے متاثرین کیلئے امداد کا کام جاری رکھے گی۔ انہوں نے مصیبت کی اس گھڑی میں مقامی آبادی کی ہمت و حوصلہ کو بھی سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس متاثرہ علاقہ میں 6 بٹالین فوج اور 8 ہیلی کاپٹر امدادی کاموں پر مامور ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن