• news

جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز‘ قومی ٹیم کا اعلان‘ عبدالرزاق‘ شعیب کی واپسی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹی 20 میچز کی سیریز کیلئے 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ محمد حفیظ کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا ہے، ٹیم سے کافی عرصہ باہر رہنے والے آل رائونڈر عبدالرزاق کو دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے، سابق کپتان شعیب ملک بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، دورہ زمبابوے میں ٹی20 اسکواڈ میں شامل اسد علی، انور علی، حارث سہیل ، سرفراز احمد اور ذوالفقار بابر کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز سلیکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ کے مطابق محمد حفیظ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ناصر جمشید، احمد شہزاد، عمر اکمل، عمر امین، شاہد آفریدی، صہیب مقصود، عبدالرزاق، سہیل تنویر، محمد عرفان، جنید خان، سعید اجمل، شعیب ملک اور عبدالرحمان شامل ہیں۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 13 نومبر جبکہ دوسرا 15 نومبر کو کھیلا جائے گا، دونوں میچز ڈے نائٹ ہوں گے اور دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن