ایٹمی پروگرام رول بیک کرنے پر امریکہ ایران سے پابندیاں اٹھانے کے لئے تیار
جنیوا، مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی+ نوائے وقت رپورٹ) ایک سینئر امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران کی طرف سے اپنے ایٹمی پروگرام کو روکنے کیلئے پہلا قدم اٹھانے کی صورت میں امریکہ نے اس پر عائد پابندیاں عارضی طور پر ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو میں امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ یہ جنیوا میں عالمی طاقتوں اور ایران میں ہونے والے مذاکرات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران پر عائد اقتصادی پابندی ختم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے تاہم امریکی عہدیدار نے اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائیں۔ دریں اثناء اسرائیلی حکام نے امریکہ کی طرف سے ایران پر پابندی ہٹانے کے عندیہ کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ایک غلط اقدام ثابت ہوگا۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا ہے جبکہ جنیوا میں ایرانی حکام اور مغربی طاقتوں میں مذاکرات کا دوسرا دور ہونے والا ہے۔ قبل ازیں اسرائیلی اخبار نے کہا ہے کہ ایٹمی پروگرام روکنے پر امریکہ نے ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے پر آمادگی ظاہر کردی۔ ایران کے ایٹمی پروگرام کو رول بیک کرنے کی جانب یہ پہلا قدم ہوگا۔ حکام اس پہلے اقدام کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔