• news

رائے ونڈ: تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ آج شروع ہو گا، محرم الحرام کی وجہ سے سکیورٹی ہائی الرٹ

رائے ونڈ (نامہ نگار) رائیونڈ میں منعقدہ عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ آج بعد از نماز عصر امیر جماعت حاجی عبدالوہاب کے بیان سے شروع ہو جائے گا جس کے بعد جمعہ ہفتہ شب و روز علما کرام کے بیانات جاری رہیں گے جبکہ دوسرے مرحلے کی اختتامی اجتماعی دعا حسب معمول عالمی امیر مفتی زبیر الحسن اتوار صبح دس بجے کروائیں گے، بدھ کے روز بھی یہاں مختلف علما کرام کے عمومی بیانات جاری رہے ،جس کے دوران انہوں نے پنڈال میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو اپنی زندگی اللہ اور اس کے رسولؐ  کے بتائے ہوئے طریقوں پر گزارنے پر تلقین کی، اس دوران تشکیل شدہ جماعتیں دین اسلام کی تبلیغ کیلئے اندرون اور بیرون ملک روانہ ہوتی رہیں، دوسرے مرحلے میں بھی مختلف محکمہ جات تبلیغی جماعت کے شرکا کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کرنے کیلئے مصروف عمل رہے، علامہ اقبال ٹائون کی طرف سے ڈینگی کا سپرے کیا گیا جبکہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ بھی صفائی کے انتظامات میں مگن نظر آیا، محرم الحرام کی آمد پر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، خصوصاً جمعہ کو یوم عاشور کے موقع پر پورے شہر کو چاروں طرف سے سیل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں، تبلیغی مرکز بازار اور ملحقہ سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے، محکمہ صحت کے ہسپتال تمام دنوں مندوبین کو صحت کے حوالے سے سہولیات فراہم کرتے رہے تمام محکمہ جات نے ذمہ داری نبھائی جس پر اکابرین تبلیغی جماعت نے فرداً فرداً سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے اس عمل کو دین کے کام میں حصہ قرار دیا، دوسری جانب تبلیغی مرکز کے قریب واقع جامعہ مجددیہ فیض لاثانیہ مفتی کالونی میں سالانہ دس روزہ شہادت کانفرنس پر بھی سکیورٹی سخت کر دی گئی اور تمام مقررین کو اختلافی تقاریر سے سختی سے منع کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن