شیخوپورہ : چھٹی بچی کی پیدائش پر شوہر نے بیوی ‘10 دن کی بیٹی کو قتل کر دیا
شیخوپورہ+بھکھی (نامہ نگار خصوصی/نامہ نگار) تھانہ بھکھی کے علاقہ واڑہ کریم بخش میں مسلسل چھٹی بچی پیدا کر نے کے جرم میں ظالم شوہر نے 10دن کی بیٹی اور بیوی کو قتل کردیا۔ پولیس نے ملزم گرفتار کر لیا۔ شیخوپورہ کے نواحی علاقہ واڑہ کریم بخش کے رہائشی عامر کی 15سال قبل شمشاد بی بی سے شادی ہوئی جس کے بعد شمشاد بی بی نے یکے بعد دیگرے چھ بیٹیوں کو جنم دیا جس پر اکثر اوقات جھگڑا رہنے لگا اور عامر اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بناتا رہتا۔ 2013ء میں شمشاد بی بی دوبارہ حاملہ ہوئی تو عامر نے اسے وارننگ دی اگر اب تم نے بیٹی کو جنم دیا تو نہ تمہیں زندہ چھوڑوں گا نہ تمہاری بیٹی کو لیکن اللہ تعالیٰ نے پھر شمشاد بی بی کو 10روز قبل ایک ننھی سی بیٹی سے نواز دیا جس پر عامر مشتعل ہوگیا اور اپنی بیوی کو ہسپتال سے گھر لیجاتے ہی تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ ننھی سی گڑیا اپنی ماں کی آغوش میں لیٹی ہوئی تھی، درندہ صفت باپ نے اس کو اٹھایا اور باہر لا کر پانی کے ٹب میں پھینک دیا۔ ماں اپنے ظالم شوہر کی منت سماجت کرتی رہی۔ واقعہ پر علاقہ بھر میں اشتعال پھیل گیا اور ملزم عامر کو شدید رد عمل کا سامنا کرنا پڑا جس پر مشتعل ہوکر عامر نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی شمشاد بی بی کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزم عامر محکمہ صحت میں نائب قاصد ہے۔