پاکستان کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے : چین
بیجنگ/ سری نگر(اے این این) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہانگ لی نے کہا ہے کہ پاکستان کا چین کا روایتی دوست ملک ہے اوراگر پاکستان کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوا تو چین اپنے دوست ملک کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔ پاکستان بھارت کشیدگی امن کیلئے خطرہ ہے، حالات کو ڈگر پر رکھنے کیلئے دونوں ممالک کو فوری طورپر مسئلہ کشمیر پر بڑی پیشرفت کرنی ہوگی، چین دونوں ممالک کے درمیان حالات کو بہتر بنانے کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے کوتیار ہے، کشمیر اور اروناچل پردیش کے باشندوں کیلئے علیحدہ ویز ہ پالیسی برقرار رہے گی۔ مقبوضہ کشمیرکے مقامی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہانگ لی نے کہاکہ برصغیر میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر پر پیش رفت ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں چین پاکستان اوربھارت کی مدد جاری رکھے گا۔ پاکستان بھارت کشیدگی کو امن کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے درمیان حالات کو بہتر بنانے کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے کو تیار ہے لیکن اس سلسلے میں یکطرفہ طورپر کچھ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ چینی حکومت نے ہر بار پاکستان اوربھارت کے رہنماؤں کو یہ بات باور کرائی ہے کہ جنگ کے بجائے امن مذاکرات کو جاری رکھا جائے چین خطے میں ایک مضبوط کردار ادا کرنے کی کوشش کررہا ہے اور اس سلسلے میں حالات کو بہتر بنانے کیلئے ہمیں یکطرفہ طورپر سوچ کا مظاہرہ کرنے سے گریزکرنا ہوگا۔ برصغیر میں اگر امن کے بارے میں سوچنا ہے تو اس کیلئے لازمی ہے کہ ہم کشمیر کا مسئلہ حل کریں اور اس کیلئے دونوں ممالک پاکستان اوربھارت کو بات چیت کرنی ہوگی۔ کشمیر میں ٹھوس اور نتیجہ خیز مذاکرات کا چین حامی ہے۔ چین کا کشمیر پر موقف واضح ہے اور اس میں کوئی تبدیلی ہے نہ آئیگی۔ ڈرون حملوں پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کا احترام کرتے ہیں امریکہ کو بھی چاہیے کہ وہ پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کا احترام کرے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کو خطرہ ہو تو چین سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی ماننداس کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ بھارت کیساتھ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ہانگ لی نے کہا کہ چین اور بھارت کے درمیان تعلقات بہتر ہورہے ہیں لیکن سرحدی تنازعات ابھی برقرار ہے۔