یاسر عرفات کو زہر دیا گیا، سوئس سائنسدانوں کی رپورٹ
مقبوضہ بیت المقدس/ پیرس (اے ایف پی+ این این آئی) فلسطینی کے سابق صدر یاسر عرفات کی موت کی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کرنیوالے فلسطینی کمیشن نے کہا ہے کہ اسے سوئٹزرلینڈ اور روس کی لیبارٹریوں سے ٹیسٹ رپورٹس مل گئی ہیں۔ یاسرعرفات کی قبر کشائی کے بعد گزشتہ سال نومبر میں نمونے لئے گئے تھے۔ ماہرین مطالعہ کے بعد معلومات عام کرینگے۔ ادھر الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ میں سوئس سائنسدانوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے انہوں نے جو ٹیسٹ کئے ہیں اس کے مطابق یاسر عرفات کی موت پلونیم زہر سے ہوئی۔ لگتا ہے زہریلا مواد پلونیم۔ 210 انکے انتقال کی وجہ بنا۔ علاوہ ازیں یاسر عرفات کی بیوہ سوہا نے بھی تصدیق کرتے کہا میرے شوہر کی 2004ء میں موت زہریلے مواد پلونیم سے ہوئی تھی۔ ہم حقیقی جرم کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ یہ سیاسی حملہ تھا۔ میں سوئس فرانزک ٹیم کے ارکان سے ملی ہوں۔ سائنسی طور پر ثابت ہو گیا انہیں زہر دیا گیا، طبعی موت نہیں ہوئی۔