• news

رینٹل پاور کیس : سابق وزیراعظم راجہ پرویز ملزم قرار ‘ نیب نے ضمنی ریفرنس دائر کر دیا

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) نے رینٹل پاور کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو ملزم قرار دیتے ہوئے احتساب عدالت میں ضمنی ریفرنس دائر کر دیا، 263صفحات پر مشتمل ضمنی ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کروا دیا گیا، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کیس کی سماعت 19نومبر کو کریں گے، نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم کے خلاف رینٹل پاور کیس نوڈیرو ٹو میں ریفرنس دائر کیا گیا، رینٹل پاور کیس میں اقبال زیڈ احمد اور ایم این بیگ کا نام بھی نیب تفتیشی رپورٹ میں ملزمان کی فہرست میں موجود ہے تاہم انکے خلاف ریفرنس دائر نہیں کیا گیا کیونکہ دونوں ملزمان نے لاہور ہائیکورٹ سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے۔ چیئرمین نیب کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ میں درخواستوں کو نمٹائے جانے کے بعد دونوں ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ نو ڈیرو ٹو میں پہلے 9ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا تھا جنہوں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایک پراجیکٹ سے دوسرے پراجیکٹ میں ساز و سامان منتقل کیا۔ ان میں سابق سیکرٹری وزارت پانی و بجلی و سابق چیئرمین پیپکو شاہد رفیع، سابق ایڈیشنل سیکرٹری وزارت و پانی و بجلی شیخ ضرار اسلم، سابق ایم ڈی/ سی ای او پیپکو انجینئر طاہر بشارت چیمہ، سابق ڈائریکٹر پیپکو بورڈ آف ڈائریکٹر ملک محمد رضی عباس اور وزیر علی، سابق جی ایم واپڈا پاور نج کاری آرگنائزیشن طارق نذیر، سابق سی ای او (سی پی جی سی ایل) عبدالمالک میمن اور سابق ایم ڈی پیپکو رسول خان محسود شامل ہیں۔ سابق وزیراعظم دسویں ملزم قرار دئیے گئے ہیں، نیب نے سپریم کورٹ کی ہدایات پر رینٹل پاور پراجیکٹس بشمول نوڈیرو ٹو پاور پراجیکٹ کی انکوائری شورع کی تھی۔ چیئرمین نیب قمر زمان نے ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن