کولکتہ ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ فلاپ‘ ٹیم پہلی اننگز میں 234 رنز پر آئوٹ
کولکتہ (سپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں 234 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ میزبان ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 37 رنز بنا لئے۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔ کرس گیل 18، پاؤل 28، براوو 23، سیموئلز 65، چندرپال 36، رام دین 4، کپتان سیمی 16، شلنگفورڈ 5، پرماؤل 14 اور کوٹریل صفر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے محمد شامی نے 4، ایشون نے 2، بھونیشور کمار، اوجھا اور سچن ٹنڈولکر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز بڑے اطمینان سے کیا اور کالی آندھی کے باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی۔ دونوں اوپنرز کھیل کے اختتام تک کریز پر ڈٹے رہے۔ شیکھر دھون 21 اور مرلی وجے 16 رنز بنا کر دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کریں گے۔ بھارت نے مجموعی طور پر 37 رنز بنا لئے ہیں اور ابھی تمام وکٹیں باقی ہیں۔ بھارت کی طرف سے محمد شامی، روہت شرما نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا جبکہ ویسٹ انڈیز کی طرف سے کوٹریل نے ٹیسٹ میچز کی شروعات کی۔