جاوید میانداد کا پی سی بی کے چیئرمین کا انتخاب لڑنے پر غور
لاہور(اے پی پی )پاکستان کرکٹ بور ڈ کے ڈائریکٹر جنرل اور دنیا ئے کرکٹ کے عظیم بلے باز جاوید میانداد نے پی سی بی کے چیئرمین کا انتخاب لڑنے کے لئے سنجیدگی سے غور شروع کردیا تاہم وہ حتمی فیصلہ کا اعلان الیکشن کی صورتحال واضح ہونے اور وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے ملاقات کے بعد کریں گے ۔بتایا گیا ہے کہ جاوید میانداد کو عوام اور کرکٹرز نے پی سی بی کے چیئرمین کا الیکشن لڑنے کا مشورہ دیا ہے جس پر وہ سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔جب اس سلسلہ میں جاوید میانداد سے اے پی پی نے رابطہ کیا تو انہوں نے کہاکہ ان پر عوام اور کرکٹرز کی طرف سے پی سی بی کے چیئرمین کا الیکشن لڑنے کا بہت دبائو ہے اور وہ صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں ۔پی سی بی کے چیئرمین کے الیکشن کے بارے میں معاملات واضح ہوں گے تو وہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف جو کہ کرکٹ کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں سے ملاقات کی کوشش کریں گے اور اس کے بعد چیئرمین پی سی بی کے الیکشن لڑنے کے بارے میں فائنل فیصلہ کریں گے ۔