پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک شیڈول پھر تبدیل کر دیا
لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر ڈومیسٹک شیڈول کو تبدیل کردیا ۔ دونوں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی اور پریذیڈنٹ کپ کو روک کر 27 نومبر سے ڈپارٹمنٹ کا ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ اسلام آباد اور پنڈی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ انڈر19میچ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ اس سے قبل ریجن کا ٹی ٹونٹی انہی تاریخوں میں ہونا تھا۔ ڈپارٹمنٹ کے ٹی ٹونٹی میں ملک کے کئی اسٹار ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کھلاڑی اس دوران دورئہ جنوبی افریقہ میں مصروف ہونے کے سبب ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ پاکستان ٹیم دو دسمبر کو وطن واپس پہنچے گی جبکہ تین دسمبر کو ڈپارٹمنٹ کے ٹی ٹونٹی کا فائنل کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں گیارہ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ لیکن یہ ٹیمیں اپنے صف اول کے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہوں گی۔پی سی بی نے ریجن کا ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ اب مارچ میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔