• news

یورپی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی سے پاکستانی برآمدات بڑھیں گی: لاہور چیمبر

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے یورپین یونین پارلیمنٹ کی انٹرنیشنل ٹریڈ کمیٹی کی جانب سے پاکستان کو ڈیوٹی فری مارکیٹ رسائی دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستان کی برآمدات بڑھیں گی ، صنعت کو سعت ملے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری، سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح اور نائب صدر کاشف انور نے کہا کہ یورپین پارلیمنٹ اُن دس ترقی پذیر ممالک کو جی ایس پی پلس سٹیٹس دینے پر غور کررہی ہے جو عالمی قواعد و ضوابط اور معیارات سے ہم آہنگ ہوں۔ یورپین یونین پارلیمنٹ کی اعلیٰ سطحیٰ کمیٹی کی جانب سے پاکستان کو جی ایس پی پلس سٹیٹس دینے کی منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان افرادی قوت ، ماحولیات اور گڈگورننس کے عالمی معیارات سے مکمل ہم آہنگی رکھتا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری بے تابی سے یورپین مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی کا انتظار کررہی تھی کیونکہ وہاں بے تحاشا پوٹینشل موجود ہے جس سے فائدہ اٹھاکر ملکی برآمدات کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن