القاعدہ رہنما ایمن الظواہری کا قر یبی ساتھی سیف اللہ پا کپتن سیگرفتار
پا کپتن (نا مہ نگار) پولیس نے امر یکن شہری کے اغوا میں ملوث القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری کے قر یبی ساتھی کو مبینہ طور پر گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور پولیس نے امریکی شہری کے اغوا کے الزام میں پاکپتن تھانہ صدر کے گائوں 36/SP کے رہائشی قاری سیف اللہ کو گائوں سے گرفتار کیا۔ لاہور پولیس کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے قاری سیف اللہ القاعدہ کے سینئر رہنما ایمن الظواہری کا قریبی ساتھی ہے جبکہ اس کے بھائی قاری عمران کی حکومت نے 25 لاکھ روپے سر کی قیمت بھی مقرر کر رکھی ہے۔ قاری سیف اللہ کی گرفتاری پر پاکپتن پولیس حکام نے لا علمی کا اظہار کیا ہے۔ نوائے وقت نیوز/ این این آئی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے ملزم سیف اللہ امریکی شہری وائن سٹائن کے اغوا کے مقدمے میں نامزد ہے۔ ملزم کے خلاف وائن سٹائن کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ اغوا کرنے کا الزام ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق امریکی شہری ڈاکٹر وائن سٹائن کے اغواء کے مقدمہ میں القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کو بھی اشتہاری قرار دیا گیا تھا جبکہ اسکے قریبی ساتھی سیف اللہ اور بھائی عمران بھی اس مقدمے میں نامزد ہے۔ سیف اللہ کو ایک سال قبل گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا گیا تھا تاہم وہ ضمانت کے بعد رہا ہو گیا تھا۔ لاہور پولیس نے سیف اللہ کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اسکے بھائی کی گرفتاری کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں۔ آن لائن کے مطابق گرفتاری کی تصدیق کیلئے ڈی پی او پاکپتن شاہنواز سے رابطہ کیا گیا تو اُنہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا میں اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا جبکہ ایس ایچ او تھانہ ملکہ ہانس محمد عمران ٹیپو نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا امریکی شہری لیڈی ڈاکٹر کے اغوا اور قتل کیس میں انتہائی مطلوب لشکر جھنگری کے اہم رکن عمران کے بھائی سیف الرحمن کو ہم نے نہیں لاہور پولیس نے نواحی گائوں 36ایس پی سے مقامی پولیس کو مطلع کئے بغیر ہی گرفتار کیا جو اپنے بھائی کے جرم میں پہلے بھی متعدد بار گرفتار ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا گرفتار نوجوان کے بھائی کے سر کی قیمت 25 لاکھ مقرر ہے مگر سیف الرحمٰن ایک گڈریئے کے علاوہ کچھ نہیں۔