• news

بلدیاتی انتخابات، کھیلیں گے نہ کھیلنے دینگے، بلوچستان کی 9 جماعتوں کی دھمکی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کی مختلف 9 سیاسی جماعتوں نے دھمکی دی ہے بلدیاتی انتخابات کے بارے میں ہمارے تحفظات کو دور  نہ کیا گیا تو ہم نہ خود کھیلیں گے اور نہ کسی اور کو کھیلنے دینگے۔ یہ بات اے این پی کے رشید خان، پیپلز پارٹی کے اقبال شاہ، ق لیگ کے اسماعیل لہڑی، جماعت اسلامی کے زاہد اختر، بلوچستان نیشنل پارٹی کے غلام نبی مری، بلوچستان مسلم لیگ ن کے کمال بازئی، تحریک انصاف کے باری بڑیچ، جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے عبدالواحد آغا اور ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے رضا وکیل نے کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اے این پی کے رشید خان نے دعویٰ کیا وزیراعلیٰ بلوچستان نے خود کہا وہ 7دسمبر کو بلدیاتی الیکشن کرانے کے حق میں نہیں، صرف چیف سیکرٹری کا اپنا فیصلہ ہے اس لئے انتخابات ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا بلدیاتی انتخابات کیلئے ابھی تک ووٹر لسٹ میں بہت سے لوگوں کے نام درج نہیں، سردی شرو ع ہو چکی ہے جس کے باعث لوگ نقل مکانی کرکے جا چکے ہیں۔ بلوچستان کے امن وامان کے حوالے سے حالات خراب ہیں اس لئے 7دسمبر کو جو بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس کے نتائج بھی 11مئی کو ہونے والے انتخابات کی طرح ہونگے جس میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی تھی۔ انہوںنے دعویٰ کیا اپنی مرضی سے ریٹرننگ آفیسروں کو لگایا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا 12نومبر کو آل پارٹیز کانفرنس کا دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں حتمی طور پر فیصلہ کیا جائیگا تاہم ہم سیاسی لوگ ہیں میدان نہیں چھوڑیں گے، ڈٹ کر مقابلہ کرینگے چاہے حالات جس طرح بھی ہوں۔ ق لیگ کے رہنماء میر اسماعیل لہڑی نے کہا حکومت جان بوجھ کر بلوچستان کے حالات خراب کررہی ہے اگر ہمارے تحفظات دور نہ کئے تو پھر ہم نہ خود کھیلیں گے اور نہ کسی اور کو کھیلنے دینگے۔ بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے جائیں تو بہتر ہوگا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے غلام نبی مری نے کہا لوگ اغواء ہورہے ہیں امن وامان تباہ ہوگیا ہے۔ حکومت اس وقت بلدیاتی الیکشن کرائے جب یہاں پر حالات بہتر ہوں۔ جماعت اسلامی کے زائد اختر بلوچ نے کہا بہتر ہے انتظامیہ کو تبدیل کیا جائے سابقہ انتظامیہ وہی کچھ کرے گی جو 11مئی کو انتخابات کے دوران کیا گیا تھا۔ جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے عبدالواحد آغا نے کہا ایک قوم پرست جماعت کے کہنے پر بلوچستان میں انتخابات کرائے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن