مشرف کا فارم ہائوس سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن واپس
اسلام آباد (آئی این پی) چیف کمشنر اسلام آباد نے سابق صدر پرویز مشرف کے فارم ہاؤس کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کی رہائی کے تحریری احکامات کے بعد چیف کمشنر اسلام آباد نے یہ نوٹیفکیشن واپس لیا جس کے بعد سابق صدر کا فارم ہاؤس اب ان کی رہائش گاہ میں تبدیل ہو گیا اور اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ سمیت جیل کا دیگر عملہ چک شہزاد فارم ہاؤس سے چلا گیا، تاہم پولیس اور رینجرز نے فارم ہاؤس کے اطراف خاردار تاریں لگا کر سکیورٹی سخت کر دی۔ ان کا نام اب بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہے جس کے باعث وہ بیرون ملک نہیں جا سکتے۔ دریں اثناء اپنی رہائی کے بعد سابق صدر کی طرف سے اپنے فارم ہائوس پر تعینات اڈیالہ جیل کے عملے اور سکیورٹی اہلکاروں کے لئے پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا اس موقع پر سابق صدر تمام شرکاء سے فرداً فرداً ملے اور ان کا شکریہ ادا کرتے رہے۔