• news

اقبالؒ کا یوم ولادت: نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے تحت تقریب کل الحمرا میں ہو گی

لاہور (خصوصی رپورٹر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام شاعر مشرق، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے 136ویں یوم ولادت کے موقع پر ایک خصوصی تقریب ہفتہ 9 نومبر کو 10 بجے صبح الحمرا ہال نمبر1‘ شاہراہِ قائداعظمؒ، لاہور میں منعقد ہو رہی ہے۔ تقریب کی صدارت تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن، ممتاز صحافی و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ ڈاکٹر مجید نظامی کریں گے جبکہ مقررین میں جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال، سجادہ نشین آستانہ عالیہ چورہ شریف پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی، مجیب الرحمن شامی، ولید اقبال ایڈووکیٹ، خانوادہ حضرت سلطان باہوؒ صاحبزادہ سلطان احمد علی، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، پروفیسر عطاء الرحمن، بیگم بشریٰ رحمن، علامہ احمد علی قصوری اور پروفیسر ڈاکٹر زاہد منیر عامر شامل ہیں۔ علاوہ ازیں آج 8 نومبر کو 12 بجے دوپہر تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن، ممتاز صحافی و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ ڈاکٹر مجید نظامی کارکنان تحریک پاکستان‘ دانشوروں‘ اساتذۂ کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے خواتین و حضرات کے ہمراہ مزار علامہ محمد اقبالؒ پر حاضری دیں گے۔ پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے، فاتحہ خوانی ہو گی اور کلام اقبالؒ پڑھا جائے گا۔ نیز تقریبات یوم اقبالؒ کے سلسلے میں ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طالب علموں کے مابین انعامی تقریری مقابلے، کلام اقبالؒ ترنم سے سنانے، مصوری اور بیت بازی کے الگ الگ مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔ ان تقریبات کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن