یوم اقبالؒ اور نویں، دسویں محرم الحرام پر پنجاب سمیت ملک بھر میں تعطیل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری
لاہور+ اسلام آباد (سپیشل رپورٹر+ اے پی اے) اقبال ڈے کے سلسلے میں پنجاب سمیت ملک بھر میں آج ہفتہ کو سرکاری تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے حوالے سے ’’اقبال ڈے‘‘ منانے کے سلسلے میں 9نومبر 2013کو صوبائی ادارے، حکومت پنجاب کے خود مختار ادارے، ضلعی حکومتوں کے تحت کام کرنے والے ادارے، تعلیمی ادارے بند رہیں گے اور صوبائی سطح پر پنجاب بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ تاہم اس تعطیل کا اطلاق پنجاب پولیس، ریسکیو1122، لاہور سمیت پنجاب بھر میں موجود سرکاری ہسپتالوں اور پولسی فورس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر نہیںہو گا۔ دریں اثناء وزارت داخلہ نے بھی یوم اقبالؒ، نویں اور دسویں محرم پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے یوم اقبالؒ پر 9 نومبر کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ایک اور نوٹیفکیشن کے ذریعے نویں اور دسویں محرم پر 14 اور 15 نومبر جمعرات اور جمعے کو عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔