طالب علم سے زیادتی کا نوٹس، ہائیکورٹ نے سیشن جج فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے کے جی جماعت کے چار سالہ طالبعلم کیساتھ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیصل آباد کو وقوعہ کی غیرجانبدار اور شفاف کارروائی کرنے اور پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ متاثرہ بچے کے والد نے بتایا اسکا چار سالہ بچہ مقامی سکول میں زیر تعلیم تھا جہاں سکول کے پرنسپل، چوکیدار اور انکے دو ساتھیوں نے معصوم بچے کو تشدد و زیادتی کا نشانہ نایاجس سے بچہ شدید زخمی ہو گیا۔ ملزمان بچے کو بیہوشی کی حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ متعلقہ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے پرنسپل اور چوکیدار کو گرفتار کر لیا ہے ،دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوشش کی جاری رہی ہے جبکہ بچے کی میڈیکل ایگزامینیشن رپورٹ موصول ہونے پر مزید کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔