سیاستدانوں کے بعد بیوروکریسی بھی دہشت گردوں کے نشانے پر‘ 12 افسروں پر حملے کا خطرہ
لاہور (معین اظہر سے) ہوم سیکرٹری پنجاب سمیت پنجاب کے 12 افسران اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو دہشت گردوں کی طرف سے ہلاک کرنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے خفیہ اداروں نے وارننگ جاری کر دی ہے۔ طالبان اور القاعدہ نے حملوں کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ سیاستدانوں کے بعد بیورو کریسی پر حملوں کے بھی الرٹ جاری ہونا شروع ہو گئے، حکومت کو حساس اداروں کی طرف سے جو رپورٹ ملی ہے اس کے مطابق غازی فورس سے تعلق رکھنے والے انتہا پسند گروہ جو میرانشاہ میں رہائش پذیر ہے جن کی سربراہی حلال نامی شخص کر رہا ہے کو احمد فاروق گروپ جن کا القاعدہ سے تعلق ہے اور جس کا پریڈ لین واقعہ میں بھی ہاتھ تھا نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو ٹارگٹ کرنے کا پلان تیار کیا ہے ان پر حملہ اسلام آباد آتے ہوئے یا جاتے وقت کیا جانے کا خدشہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے کسی بھی حصہ میں ان پر حملہ ہو سکتا ہے اسی طرح ایک اور خفیہ رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان نے پنجاب میں تعینات مندرجہ ذیل افسروں کو ٹارگٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق ہوم سیکرٹری پنجاب میجر (ر)اعظم سلیمان، اسد وڑائچ سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت، مظہر مہر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت، چودھری سرور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت، طارق بابر فیصل آباد جیل، شیخ عارف فیصل آباد جیل، شیخ منیر اصغر سپرنٹنڈنٹ جیل ملتان، ملک مشتاق سپرنٹنڈنٹ جیل راولپنڈی، شمریز راولپنڈی جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے علاوہ بہاولپور جیل کے تین اہلکاروں جن کے نام رپورٹ میں شامل نہیں کو ٹارگٹ کئے جانے کا خدشہ ہے۔ جیل کا یہ عملہ تحریک طالبان پاکستان کے قیدیوں کی سکیورٹی پر مامور ہے اس کے علاوہ پانچ دیگر افسران جن کا تعلق پولیس سے ہے تاہم اس رپورٹ میں ان کے نام نہیں دئیے گئے پر حملہ ہو سکتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان پر خود کش حملہ بھی ہو سکتا ہے اور بم سے حملہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ ان افسران کو احتیاط کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں اور سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق تحریک طالبان پاکستان نے گاڑی کے ذریعے دھماکہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اس کے لئے ایک پک اپ ، اور ایک گاڑی قبائلی علاقے سے اسلام آباد اور راولپنڈی لائی گئی ہے جس کے بعد ڈی سی او راولپنڈی نے 10کمپنی فوج رینجرز کی چار کمپنیاں طلب کر لی ہیں اور ان کو 5 سے 11 محرم تک راولپنڈی میں تعینات کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے اس کیلئے انہوں نے ہوم سیکرٹری پنجاب کو لیٹر بھی لکھا ہے۔