• news

کوئٹہ: 3 افراد قتل‘ مند میں جھڑپ‘ ایف سی اہلکار جاں بحق‘ 3 حملہ آور مارے گئے

کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) کیچ کے علاقے مند میں سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا جبکہ جوابی کارورائی میں 3 حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے ایک مکان پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس سے حوالدار شمریز جاںبحق جبکہ دوسرا اہلکارر فاروق زخمی ہوگیا۔ پشین کے علاقے میں مدرسے کے باہر نصب دھماکہ خیز مواد دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر سمنگلی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے ایک شخص امان اللہ سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی مزاحمت پر فائرنگ کر کے اسے زخمی کردیا۔ دریں اثنا سیٹلائٹ ٹاؤن کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 2 افراد طور جان اور فیض اللہ کو ہلاک جبکہ شفیع اللہ کو زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ ادھر خضدار میں نامعلوم افراد نے دکان پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا۔ علاوہ ازیں پنجگور میں نامعلوم افراد نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کر دی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دریں اثنا کوئٹہ میں سریاب روڈ کے علاقے میں بی این پی رہنما میر رسول بخش کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں میر رسول بخش محفوظ رہے، حملہ آور فرار ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن