شاہدرہ سے لاہور، رائیونڈ کے درمیان سگنل سسٹم کی اپ گریڈیشن فوری ہوگی: خواجہ سعد رفیق
لاہور+گوجرانوالہ (آن لائن+نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت میٹرو ٹرین کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ریلوے کی طرف سے جنرل منیجر آپریشنز انجم پرویز، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک جاوید انور، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر غلام محمد قریشی، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل اسد احسان، آئی جی ریلوے سید ابن حسین اور حکومت پنجاب کی طرف سے چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان اور سبطین فضل حلیم نے شرکت کی۔ اجلاس میں طرفین نے اپنی ضروریات اور وسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور میٹرو ٹرین کے منصوبہ جو پہلی سٹیج میں شاہدرہ سے رائیونڈ تک بنایا جائیگا، کے بارے میں مشاورت کی۔ وفاقی وزیر ریلوے نے اجلاس کو بتایا پاکستان ریلوے شاہدرہ سے لاہور اور رائے ونڈ کے درمیان سگنلنگ سسٹم کی ہنگامی بنیادوں پر اپ گریڈیشن کا کام شروع کریگا۔ میٹرو ٹرین کے راستے میں آنیوالے لیول کراسنگ کے بارے میں بھی غور کیا گیا اور حسب ضرورت فلائی اوور، انڈر پاس اور انکے جاری رہنے کے بارے میں بھی غور ہوا۔ حکومت پنجاب کے نمائندوں نے ریلوے سے مشاورت طلب کی وہ حکومت پنجاب کو دورانیہ اور رولنگ سٹاک کے بارے میں معلومات مہیا کریں تاکہ انوسٹرز کو واضح لفظوں میں بتایا جا سکے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے حکام کو ہدایت کی اس سیکشن پر آنیوالے لیول کراسنگ کے بارے میں سات دن میں سٹڈی کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ خواجہ احمد حسان نے ریلوے کی ترقی کیلئے وفاقی وزیر ریلوے کی خدمات کو سراہا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہریوں کو ٹرین کی سستی سفری سہولیات دینے کیلئے تاریخی و اولڈ سٹی ریلوے سٹیشن گوجرانوالہ مکمل طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق رات گئے پرانے سٹی ریلوے سٹیشن کے ہنگامی دورہ پر پہنچے تو ڈی سی او عظمت محمود‘ توفیق احمد بٹ ایم پی اے‘ سٹیشن ماسٹر محمد صادق‘ عبید اللہ انور‘ ای این پی ڈبلیو آئی وزیر آباد‘ کوآرڈینیٹر محمد زمان بٹ و دیگر عوامی‘ شہری‘ سماجی‘ شخصیات سرکاری افسروں‘ اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا۔ سٹیشن ماسٹر محمد صادق نے خواجہ سعد رفیق کو بریفنگ دی۔