لاہور: ڈیڑھ درجن سے زائد وارداتیں‘ گوجرانوالہ: ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان قتل
لاہور+ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے ساندہ کے علاقہ میں ندیم اختر کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 16لاکھ، فیکٹری ایریا میں اصغر علی کے گھر ڈاکوئوں نے گھس کر اس کی فیملی سے 1 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے ماڈل ٹائون میں علی سے 4 لاکھ روپے اور موبائل فون، نواب ٹائون میں اقبال سے 3 لاکھ مالیت کی تار اور موٹر، گلبرگ میں لطیف سے ڈھائی لاکھ اور موبائل فون ، گلشن اقبال میں ڈاکٹر خرم سے 2 لاکھ روپے اور موبائل فون، لیاقت آباد میں نعمت سے 1 لاکھ روپے اور موبائل فون، مغلپورہ میں علی رضا سے 90 ہزار، موٹر سائیکل اورموبائل فون، شاہدرہ ٹائون میں شفیق سے 70 ہزار، موٹر سائیکل اورموبائل فون ،غالب مارکیٹ میں راجہ صغیر سے 95 ہزار اور موبائل فون، نواں کوٹ میں صدیق سے 86 ہزار اورموبائل فون، ماڈل ٹائون میں فرخ سے 84 ہزار اور موبائل فون، نشتر کالونی میں روحیل سے 65 ہزار اورموبائل فون، شمالی چھائونی میںاکرم سے 35 ہزار اورموبائل فون، شیرا کوٹ میں جلال سے 36 ہزار اور موبائل فون، سبزہ زار میں صلاح الدین سے 29 ہزار اور موبائل فون، گرین ٹائون میں عثمان سے 26 ہزار اور موبائل فون، گارڈن ٹائون میں راشد سے 16 ہزار روپے اورموبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے شاہدرہ ٹاؤن میں ایک گھر سے 7 لاکھ مالیت جبکہ گرین ٹاؤن میںایک دوکان سے4 لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا۔ چوروں نے فیصل ٹائون سے عبدالمجید، لیاقت آباد سے ناصر، گلبر گ سے احمر کی کاریں جبکہ مصطفیٰ ٹائون سے لطیف، اچھرہ سے نصیر، نصیر آباد سے عباس، مزنگ سے علی، شالیمار سے زاہد، اسلام پورہ سے اظہر، شادباغ سے مشتاق، داتا دربار سے ناصر عباس، سبزہ زار سے لطیف، ستوکتلہ سے عثمان، باغبانپورہ سے قدیر کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ گوجرانوالہ میں واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کر کے والدین کو ملنے کیلئے آنیوالے بیٹے کو قتل کر دیا۔ محلہ داروں نے ایک ڈاکو کو پکڑکر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔ چھچھر والی کا رہائشی ندیم جو ایک بچے کا باپ ہے اپنے والد اصغر، والدہ اور بہن بھائیوں کو ملنے کیلئے حاجی پارک آیا ہوا تھا، ندیم جب گھر میں داخل ہو اتو اس دوران دو ڈاکو بھی اسکے ساتھ گھر میں داخل ہوگئے جنہوں نے اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار شروع کر دی۔ ندیم کی جانب سے مزاحمت کی کوشش پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کرکے اسے قتل کر دیا۔ گھر سے فائرنگ کی آواز آنے پر محلہ دار بھی وہاں جمع ہو گئے اور لوگوں نے فرار ہونے کی کوشش کرنیوالے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا اور وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اسکا دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر تھانہ جناح روڈ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور لوگوں کے تشدد کا نشانہ بننے والے ڈاکو کو بے ہوشی کی حالت میں طبی امداد کی فراہمی اور مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔