• news

علامہ اقبالؒ کا یوم پیدائش ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

لاہور + سیالکوٹ (خصوصی رپورٹر + ناممہ نگاران) شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبالؒ کا 136واں یوم ولادت ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ لاہور میں صبح 7 بجے مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی اور رینجرز کی جگہ پاک بحریہ کے کیڈٹس نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ پاکستان نیوی کے سٹیشن کمانڈر اکبر نقی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ نیوی کمانڈر نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ یوم اقبال پر سیاسی و سماجی‘ فلاحی تنظیموں اور تعلیمی اداروں کے زیراہتمام تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔  دن بھر مزار اقبالؒ پر حاضری کے لئے آنے والے شہریوں، طلبا و طالبات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں کے افراد کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام مسلم ٹائون کے صوبائی دفتر میں یوم اقبال کی تقریب ہوئی جس میں یوتھ ونگ، لیبر ونگ اور کسان ونگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔  سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق  سیالکوٹ میں اقبال منزل سمیت درجنوں مقامات پر تقریبات منعقد کی گئیں اور ڈاکٹر علامہ اقبالؒ کوخراج تحسین پیش کیا گیا ۔ عظیم شاعر کی سالگرہ کی سب سے پہلی تقریب سیالکوٹ میں علامہ اقبالؒ کی آبائی رہائشگاہ اقبال منزل میں نمازفجر کے فوری بعد سیالکوٹ ہسٹاریکل سوسائٹی کے زیراہتمام منعقد ہونے والی سالگرہ کی تقریب میں آزادکشمیر کے سابق وزیر مذہبی امور حامد رضا، اقبال منزل کے نگراںسید ریاض، فاضل بختیارقریشی، حافظ غلام محی الدین صابری جیلانی، شہزاد احمد، میاں نعیم اقبال، زاہد خان، فہیم ریاض بھٹی اور بلال خان سمیت شہریوں اور بچوں نے شرکت کی۔  سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور امت مسلمہ کے اتحاد ، پاکستان کی سلامتی ، ترقی اورخوشحالی کیلئے خصوصی دعابھی کی گئی ہے۔ شاعر مشرق کی جائے پیدائش اقبال منزل میں نعت خوانی بھی کی گئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن