• news

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ دینے والے شہید قوم کے محسن ہیں : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کی حفاظت اور ملک کی بقاء کیلئے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہید قوم کے محسن ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے اخبارات میں ان شہادتوں کے حوالے سے ایک مذہبی سیاسی جماعت کے رہنما کا بیان پڑھ کر دلی صدمہ پہنچا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستانی قوم نے 50 ہزار سے زیادہ افراد کی قربانی دی ہے۔ کسی سیاسی رہنما کی طرف سے اس طرح کا بیان عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے عوام کا تعاون بے حد ضروری ہے۔ انسداد ڈینگی مہم میں منتخب نمائندوں، متعلقہ ادارے اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کاوشوں سے ہی ڈینگی کو شکست دی جا سکتی ہے۔ وزیر اعلی نے انسداد ڈینگی ریگولیشن کی خلاف ورزی کو ناقابل ضمانت جرم قرار دینے کیلئے قانون میں ترمیم کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی ریگولیشن پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ ڈینگی لاروا ملنے کی صورت میں متعلقہ عمارت کو سیل کر کے مالک کو گرفتار کیا جائے۔  انسداد ڈینگی مہم کے دوران اچھی کارکردگی دکھانے والے ہمارے سروں کے تاج ہیں اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے بھر کے جنرل پریکٹیشنرز سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی کے مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں بھجوائیں۔ خلق خدا کی خدمت سے بڑھ کر کوئی اور خدمت نہیں ہوسکتی۔ منتخب نمائندے اور سرکاری افسران عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنا لیں۔ ڈینگی کی طرح پولیو کے خاتمے کی مہم بھی نہایت اہمیت کی حامل ہے اس مہم میں بھی منتخب نمائندے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو زیادہ سے زیادہے انڈرائیڈ فون خریدنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس فون کے ذریعے فیلڈ میں موجود عملے کی کارکردگی پر نظر رکھی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ایک تقریب کے دوران شالیمار ٹاؤن سے منتخب ارکان اسمبلی، ٹاؤن افسروں اور اہلکاروں میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے اور ان کی انسداد ڈینگی مہم انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندوں اور سرکاری اہلکاروں نے شالا مار ٹاؤن میں ڈینگی کے خاتمے کے لئے بہترین کام کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے علاقے کے ایم این اے اور ایم پی ایز کو دو،دوکروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندے اس فنڈز سے علاقے میں مزید ترقیاتی کام کرائیں۔ راجن پور میں متاثرین سیلاب میں مالی امداد کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب  میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ آخری فرد کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، چار روز کے اندر حالیہ سیلاب سے متاثرہ 21 ہزار افراد کو مکانات کی دوبارہ تعمیر اور فصلوں کی کاشت کے لئے 53 کروڑ روپے کی مالی امداد کی تقسیم مقامی ارکان اسمبلی کی نگرانی میں یقینی بنائی جا ئے گی امداد میں تاخیر یا پانچواں روز ہونے پر تمام انتظامیہ معطل کر دی جا ئے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع راجن پور میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں مالی امداد کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔ سپورٹس سٹیڈیم راجن پور میں خطاب کرتے ہو ئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بارشوں اور پہاڑوں سے آنے والے پانی کے نتیجے میں ہر سال راجن پور کے عوام کو تباہی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہم نے راجن پور کے عوام کو مستقل طور پر نجات دلانے کا فیصلہ کیا ہے اور راجن پور کو سیلابوں سے اسی طرح محفوظ بنا دیں گے جس طرح لاہور سیلاب سے محفوظ ہے۔ ایوان صنعت و تجارت لاہور اور فیصل آباد کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور اور فیصل آباد کے ایوان ہائے صنعت و تجارت میں معاہدہ خوش آئند ہے اور اس معاہدے کے تحت قائم ہونے والا ثالثی سنٹر تاجروں اور صنعت کاروں کے متنازعہ امور کو نمٹانے میں معاون و مددگار ثابت ہو گا جس سے کاروباری طبقے کا وقت بچے گا اور عدالتی مقدمہ بازی سے نجات ملے گی۔ تاجروں کے وفد سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ تاجر برادری اور صنعت کاروں کا قومی معیشت میں اہم کردار ہے اور ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں - مسائل کے حل کے لئے تاجروں اور سرکاری افسروں پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ بجلی اور گیس چوروں کے خلاف کارروائی بلا امتیاز جاری رکھیں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 30 نومبر تک کی توسیع کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور نصیر بھٹہ کے والد اور انسپکٹر جنرل ریلوے پولیس سید ابن حسن کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن