مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج اور مظاہرین میں جھڑپیں‘ بیسیوں زخمی
سری نگر (کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر کے شمالی قصبہ بارہمولہ میں اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب نوجوانوں کی ٹولیوںنے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے فورسز پر کئی اطراف سے پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں فوج نے لاٹھی چارج کے علاوہ آنسو گیس شیلنگ اور مرچی گیس کا استعمال کیا۔ طرفین کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے شام دیر تک جاری تھا جس میں متعدد اہلکاروں سمیت بیسیوں افراد زخمی ہو گئے جبکہ نظام زندگی بری طرح سے متاثر ہوا اور سرینگر مظفر آباد شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بھی بند ہو کر رہ گئی۔ دوسری جانب اونتی پورہ میں عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد پورے جنوبی کشمیر سمیت وادی میں سیکورٹی کو الرٹ کر دیا گیا جبکہ جنوبی کشمیر میں نصب کئے گئے خفیہ کیمروں کو متحرک کر دیا گیا۔اس دوران جنوبی کشمیر کے ڈی آئی جی وجے کمار کی قیادت میں ایک اعلی سطحی پولیس افسران کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر جاکر سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔