• news

جاپان کو ہرا کر پاکستان مسلسل دوسری بار ہاکی کا ایشین چیمپئن بن گیا‘ ملک بھر میں جشن

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین مینز چیمپیئنز ٹرافی کا ٹائٹل مسلسل دوسری بار اپنے نام کر لیا۔ جاپان کے شہر کاکا میگارا میں کھیلی جانے والی چیمپیئن شپ کے فائنل میں پاکستان ٹیم نے میزبان جاپان کو ایک کے مقابلے تین گول سے مات دیکر ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے فائنل میچ کے پہلے ہاف میں میزبان جاپان کی ٹیم کو ایک صفر سے برتری حاصل تھی۔ پاکستانی ٹیم نے دوسرے ہاف میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے تین گول کر کے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کی جانب سے عماد بٹ، حسیم خان اور رضوان سینئر نے ایک ایک گول کیا۔ تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لئے کھیلے جانے والے میچ میں ملائیشیا نے چین کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کر کے برانز میڈل جیتا۔ پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے میچ میں بھارت نے اومان کو شکست دیکر پانچویں پوزیشن اپنے نام کی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ اجمل لودھی نے جاپان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتنا انتہائی ضروری تھا۔ کامیابی کا کریڈٹ کھلاڑیوں کے ٹیم ورک کو جاتا ہے جن کی محنت رنگ لائی ہے۔ تمام کھلاڑیوں سمیت پاکستان ہاکی فیڈریشن کامیابی پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کا اچھا کمبی نیشن تھا اس ٹورنامنٹ میں شامل پاکستان ٹیم کے جونیئر کھلاڑیوں کے تجربہ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ہاکی ٹیم کی ٹرافی جیتنے کی خبر سنتے ہی ملک بھر میں ہاکی شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور سمیت ملک بھر میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور دیوانہ وار رقص کرتے رہے۔ اس موقع پر منوں مٹھائی تقسیم کی گئی اور منچلے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اور قومی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے قومی ہاکی ٹیم کو مبارکباد د ی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن