دہشت گردوں کو شہید قرار دیکر منور حسن نے شہدا کی توہین کی ‘ غیر مشروط معافی مانگیں ‘ جماعت اسلامی پوزیشن واضح کرے : پاک فوج
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر/ نوائے وقت رپورٹ) بری فوج نے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کے مارے جانے والے دہشت گردوں کو شہید قرار دینے کے بیان کو گمراہ کن اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے ان کے ان ریمارکس کی سخت مذمت کی ہے۔ پاک فوج نے منور حسن سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اس مسئلے پر اپنی پارٹی پوزیشن واضح کرے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق منور حسن نے ایک ٹی وی پروگرام میں ریمارکس دیتے ہوئے مارے جانے والے دہشت گردوں کو شہید قرار دیا۔ وہ جانیں قربان کرنے والے ہزاروں بے گناہ شہریوں اور فوجیوں کی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سید منور حسن نے اپنے سیاسی مفادات کی بنیاد پر نئی منطق وضع کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کے افکار کی وسیع پیمانے پر کی جانے والی سخت مذمت سے عیاں ہو جاتا ہے کہ ہم سب کے ذہنوں میں یہ بات بالکل واضح ہے کہ ریاست کے دشمن کون ہیں۔ شہدا اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو منور حسن کی تائید و حمایت کی کوئی ضرورت ہے نہ ہی منور حسن کے گمراہ کن اور ذاتی مقاصد کے حصول پر مبنی بیان پر تبصرہ کرنے کی کوئی ضرورت ہے۔ البتہ یہ بات باعث تکلیف ہے کہ مذکورہ بیان امیر جماعت اسلامی کی طرف سے آیا ہے۔ ایسی جماعت جسے مولانا مودودی نے قائم کیا اور اسلام کیلئے خدمات کے باعث ان کا بہت احترام کیا جاتا ہے۔ عوام جن کے پیاروں نے دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے جانیں قربان کیں اور فوجی شہدا کے خاندان منور حسن سے جذبات مجروح کرنے والے اس بیان پر غیر مشروط اور فوری معافی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ یہ بھی توقع کی جاتی ہے کہ جماعت اسلامی اس معاملے پر اپنی پارٹی پوزیشن واضح کرے گی۔ ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کو شہید قرار دینے پر منور حسن کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ منور حسن کے بیان سے فوجیوں میں تشویش پائی جاتی ہے، دہشت گرد کو شہید قرار دینا ہزاروں بے گناہ عوام اور فوجیوں کی شہادت کی توہین ہے، قوم جانتی ہے کہ ملک کے دشمن کون ہیں، شہداءکی قربانیوں کو منور حسن کی تصدیق کی ضرورت نہیں۔ منور حسن اپنے بیان پر ہزاروں شہیدوں کے لواحقین سے معافی مانگیں اور دہشت گردوں کو شہید قرار دینے پر جماعت اسلامی اپنی پارٹی پوزیشن واضح کرے۔ منور حسن نے سیاسی مفاد کے لئے نئی منطق ایجاد کی شہدا کے اہلخانہ غیر مشروط معافی کا مطالبہ کرتے ہیں عوام جانتے ہیں کہ ریاست کے وفادار کون اور دشمن کون ہیں۔ اکثریت کی جانب سے منور حسن کے بیان کی مذمت کی گئی ہے۔ منور حسن کا بیان گمراہ کن اور ذاتی فائدے کیلئے ہے امیر جماعت اسلامی کا بیان تکلیف دہ اور توہین آمیز ہے۔ مولانا مودودی کی جماعت کے امیر کی جانب سے فوجیوں کے خلاف بیان بدقسمتی ہے جس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔