• news

شیخوپورہ: مقامی کلبوں کی بوگس سکروٹنی الیکشن کےخلاف احتجاجی ریلی

شیخوپورہ: مقامی کلبوں کی بوگس سکروٹنی الیکشن کےخلاف احتجاجی ریلی

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی طرف سے مقامی کلبوں کی بوگس سکروٹنی اور خود ساختہ الیکشن کے خلاف ضلع شیخوپورہ کی 13 کلبوں سمیت سینئر و جونیئر اور نو عمر کھلاڑیوں، ہاکی لورز، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور ہاکی فیڈریشن کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی ہاکی سٹیڈیم سے شروع ہو کر پریس کلب شیخوپورہ کے باہر اختتام پذیر ہوئی شرکاءریلی نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر جعلی انتخابات و سکروٹنی اور ہاکی فیڈریشن کے خلاف نعرے درج تھے، مظاہرین نے چیف پیٹرن ہاکی وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چوہدری سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی کھیل ہاکی کی تباہی کے ذمہ دار ان اور حالیہ ضلعی ہاکی ایسوسی ایشنوں کے خود ساختہ جعلی انتخابات کا خلاف فوری طور پر نوٹس لیں اور غیر جانبدار سکروٹنی کروا کرقومی کھیل سے عملًا وابستہ ہاکی کلبوں کو رجسٹر کروا کر صاف شفاف الیکشن کے انعقادکو یقینی بنایا جائے۔
 تاکہ گراس روٹ لیول پر ہاکی پروموٹ ہو اور نئے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں، اس موقع پر سابق صدر ڈی ایچ اے چوہدری خالد محمودورک، پروفیسر زاہد اقبال، نعیم خان، رانا انوارالحق،ملک افضل اعوان، محسن فرید، رانا اظہار، سعید اقبال، مبشر چوہدری ، چوہدری یاسر اقبال گجر، چوہدری سلطان سرور گولڈن، شاہ رخ کلیار، ملک اسد علی اشرف ، ملک حبیب سلطان کھوکھر، مرزا ہارون الرشید بیگ، شفیق مغل سمیت مختلف ہاکی کلبوں کے عہدیداران اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سابق سیکرٹری ڈی ایچ اے مبشر چوہدری نے کہا کہ کلبوں کی سکروٹنی اور الیکشن کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سے رابط کیا گیا تو انہوں نے مکمل لا علمی کااظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں نہ سکروٹنی فارم اور الیکشن کے عمل سے آگاہ نہیں کیا گیاجبکہ بعض افراد نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ایماءپر شیخوپورہ اور دیگر اضلاع میں خود ساختہ سکروٹنی کا عمل کرکے چندفرضی اور پسندیدہ کلبوں کی رجسٹریشن کرکے کاغذی کروائی مکمل کرلی اور خود ہی بغیر انتخابات کروائے ایسوسی ایشن تشکیل دے ڈالی جس سے ہاکی سے وابستہ کلبوں اور کھلاڑیوں میں شدید تشویش پھیل گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن