حضرت عمر فاروقؓ کا دور خلافت حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے: مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور(خصوصی نامہ نگار) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع محمدی سنت نگر کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کا دور خلافت اسلامی تاریخ کا درخشاں باب ہے۔ انہوںنے یہ طریق حکومت اس وقت کی سپر طاقتوں کے بجائے ہادی برحق پیغمبر اسلامؐ سے سیکھا اور اسے نافذ کیا جس کی دنیا آج تک مثال دینے سے قاصر ہے۔ غریب پروری‘ سادگی‘ محتاجوں کی خبر گیری اور انصاف رعایا کے حالات پر نظر آپ کے وہ وصف ہیں جن سے آ ج کے حکمران محروم ہیں۔ حکمران بڑی طاقتوں کی کاسہ لیسی میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کرکے اپنے اقدار کو دوام دینے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔ آج بھی اگر حکمران صرف اللہ کی اطاعت کرتے ہوئے حضرت عمر فاروقؓ کا طریق حکمرانی اپنا لیں تو اسلامی عظمت رفتہ واپس آسکتی ہے۔