• news

بلدیاتی انتخابات: لاہور میں ’’ چند امیدواروں‘‘ نے کاغذات جمع کرائے

لاہور (خبرنگار / نامہ نگاران) الیکشن کمشن کی طرف سے بلدیاتی انتخابات مارچ تک مؤخر کرنے کی اپیل سپریم کورٹ میں دائر کرنے کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل بری طرح متاثر ہوا‘ گزشتہ روز لاہور کے 34 ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر میں ہر دفتر میں ’’بمشکل چند امیدواروں‘‘ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ لاہور میں 271 یونین کونسلوں میں 35023 امیدواروں کا چنائو کیا جائے گا۔ ایک اندازے کے مطابق صرف لاہور میں 35 سے 40 ہزار امیدوار میدان میں آئیں گے لیکن انتخابات کی تاریخ میں توسیع کیلئے دائر درخواست نے یہ سارا انتخابی عمل مشکوک بنا دیا ہے‘ کاغذات جمع کرانے والے امیدوار گزشتہ روز یہی کہتے رہے کہ کاغذات جمع کر ا رہے ہیں لیکن الیکشن کی کوئی امید نظر نہیں آ رہی جبکہ کچھ امیدواروں کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ تو اس لئے کاغذ جمع کرا رہے ہیں کہ اگر سپریم کورٹ نے الیکشن کمشن کی درخواست مسترد کر دی تو کم از کم ان کے کاغذات نامزدگی تو جمع ہو چکے ہونگے۔ دوسری طرف کمپیوٹر سے فارم ڈائون لوڈ کر کے فروخت اور فارم بھرنے کا کام بھی تیز ہو گیا ہے‘ پڑھے لکھے نوجوانوں نے اسے بھی کاروبار بنا لیا اور کم پڑھے لکھے امیدوار انگریزی فارم ہاتھ میں لئے پر کروانے کیلئے منت سماجت کرتے نظر آئے‘ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ہے اور اگر صبح سپریم کورٹ نے الیکشن مؤخر نہ کئے تو رات گئے تک ریٹرننگ افسران کے دفتروں میں کاغذ جمع کرانے کیلئے گھمسان کا رن پڑے گا۔ علاوزہ ازیں نامہ نگاران کے مطابق بلدیاتی  انتخابات کیلئے کاغذات  نامزدگی حاصل کرنے کے پہلے روز پنجاب کے کئی شہروں میں سینکڑوں بلدیاتی امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے اور کئی امیدواروں نے ریٹرننگ افسران کو کاغدات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔ بورے والا  سے نامہ  نگار کے مطابق 200 سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیئے جبکہ 15امیدواران نے اپنے کاغذات جمع کروا دئیے۔ وزیر آباد سے نامہ  نگار کے مطابق  30 وارڈوںکے امیدواروں کی بھاری تعداد نے ریٹرننگ آفیسر گلشن نورین کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ  نگار کے مطابق کل 18 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ عارف والا سے نامہ  نگار کے مطابق  تقریباً 70 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ گجرات سے نامہ  نگار کے مطابق  گجرات شہر کے پچاس وارڈز سے 200 سے زائد افراد نے کاغذات وصول کئے کاغذات دیتے وقت کوئی فیس وصول نہ کی گئی ہے۔  جہلم سے نامہ  نگار کے مطابق پیر کے روز بھی بلدیاتی الیکشن کے لئے امیدوار درخواست فارم بھی جمع کرائے۔  گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق 111 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی گوجرانوالہ میں مقرر کئے جانے والے 17 ریٹرننگ افسران کو جمع کروا دیئے‘ ختم نبوت حلف نامے اور اثاثہ جات فارم نے امیدواروں کو پریشانی میں مبتلا رکھا ہے جبکہ اثاثہ جات فارم پر کروانے کیلئے ضلع کچہری میں امیدواروں کا رش لگا رہا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے خواہشمند 240 امیدواران نے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی دفر میں اپنی اپنی درخواستیں جمع کروا دیں۔

ای پیپر-دی نیشن