خلیل سندھو سے صحت ‘ شیر علی سے توانائی کی وزارتیں واپس ‘ خواجہ سلمان کو ہیلتھ کا وزیر بنا دیا گیا
لاہور (خصوصی رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو سے وزارت صحت واپس لے لی ہے جبکہ صوبائی سیکرٹری صحت پنجاب حسن اقبال کو اُن کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ صوبائی وزیر اور صوبائی سیکرٹری صحت دونوں کے خلاف یہ کارروائی ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام میں ناکامی کے بعد کی گئی ہے۔ صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو کے پاس البتہ اقلیتی امور اور ہیومن رائٹس کی وزارتیں رہیں گی۔ گذشتہ روز جرمن کمپنی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کی تقریب کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایک سوال کے جواب میں بتایا نیا وزیر صحت اور سیکرٹری صحت جلد بنا دئیے جائیں گے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے وزارت صحت سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں اپنی تابعداری کا یقین دلایا۔ علاوہ ازیں پنجاب میں 2 وزارتیں رکھنے والے وزراء سے ایک ایک وزارت واپس لے لی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وزراء سے غیرتسلی بخش کارکردگی کے باعث وزارتوں کے قلمدان واپس لئے گئے۔ خلیل طاہر سندھو سے صحت اور چودھری شیرعلی سے توانائی کی وزارت واپس لے لی۔ خلیل طاہر سندھو کے پاس اقلیتی امور اور چودھری شیرعلی کے پاس معدنیات کا محکمہ رہے گا۔ رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق کو صحت کا قلمدان سونپ دیا گیا۔