• news
  • image

پنجاب اور سندھ کی درخواست پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے مدت میں آج تک کی توسیع

لاہور+ اسلام آباد (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران) الیکشن کمشن نے پنجاب اور سندھ کی درخواست پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے مدت میں آج تک کی توسیع کردی ہے۔ اب کاغذات نامزدگی آج صبح 8 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے جبکہ ریٹرننگ افسران الیکشن شیڈول کے مطابق آج ہی امیدواروں کی فہرست بھی آویزاں کردیں گے اور رات 10بجے تک کاغذات نامزدگی پر اعتراضات بھی وصول کریں گے۔ دریں اثنا گذشتہ روز ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں صبح سے ہی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے قطاریں لگ گئیں، امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے وکلا کی معاونت سے فارم بھرتے رہے۔ بنکوں میں پیسے جمع کرانے کا مرحلہ بھی مشکل نظر آیا جبکہ ریٹرننگ افسران نے ’’نقد رقم‘‘ وصول کرنے سے صاف انکار کر دیا۔ انکا کہنا تھا کہ انہیں اس حوالے سے الیکشن کمشن نے رجسٹر اور رسید بک فراہم نہیں کی۔ بیشتر ریٹرننگ افسران کے پاس ووٹوں کی فہرستیں بھی موجود نہیں تھیں جس کی وجہ سے وہ کاغذات نامزدگی بغیر ووٹ لسٹ چیک کئے وصول کرتے رہے۔ تصدیق کنندہ اور تائید کنندہ کے ووٹوں کی بھی تصدیق نہیں کی جاتی رہی۔ جماعتی بنیادوں پر الیکشن ہونے کے باوجود کسی امیدوار کے پاس اپنی جماعت کا اتھارٹی لیٹر نہیں تھا۔ ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے باہر فارم بھرنے والے میز کرسیاں سجاکر صبح سے شام تک بیٹھے رہے جبکہ کمپیوٹر سے فارم ’’ڈائون لوڈ‘‘ کرکے نوجوان فارم ’’فروخت‘‘ کرتے نظر آئے۔ منگل کی دوپہر تک کاغذات نامزدگی بھرپور جوش و خروش سے جمع کرائے جاتے رہے لیکن جیسے ہی یہ ’’خبر‘‘ ملی کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت میں ایک دن کی توسیع ہوگئی ہے۔ امیدواروں کا جوش و خروش کم ہو گیا۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن کی طرف سے جاری  اعلامیہ کے مطابق دونوں صوبوں نے الیکشن کمشن کو درخواست کی تھی کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں اسلئے تاریخوں میں توسیع کی جائے جس پر الیکشن کمشن نے ایک روز کی مزید توسیع کردی ہے۔ پنجاب اور سندھ میں آج بدھ کے روز بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے۔ علاوہ ازیں شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرائے مغل، خانقاہ ڈوگراں، کوٹ رادھاکشن، کامونکے، شرقپور شریف، سرگودھا، نارووال، بہاولپور، چیچہ وطنی، بہاولنگر، شکرگڑھ، بوریوالہ، عارفوالہ اور دیگر شہروں میں سینکڑوں بلدیاتی امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے ہیں۔ اے پی اے کے مطابق بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مقررہ وقت تک مکمل نہیں ہوسکا۔ الیکشن کمشن بلوچستان کے مطابق صوبے بھر میں 7179 نشستوں پر 22274 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن کی جانچ پڑتال کا عمل 11 نومبر کو مکمل ہونا تھا اور   12نومبر کاغذات کی منظوری یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کی جانی تھیں تاہم کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل تاحال مکمل نہیں ہوسکا ہے۔ ادھر ایم کیو ایم کے 900سے زائد امیدواروں نے بلدیاتی الیکشنز کیلئے کاغذات نامزدی جمع کرادئیے۔ وسیم اختر اور فاروق ستار نے چیئرمین کے عہدے کیلئے جبکہ خوش بخت شجاعت نے وائس چیئرمین کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ کنور نوید جمیل نے چیئرمین حیدر آباد کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق ریٹرننگ آفیسر ٹی ایم او کے آفس میں سینکڑوں بلدیاتی امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے ماطبق میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب کی 30 نشستوں پر 85 امیدوار میدان میں آ گئے۔ کاغذات نامزدگی داخل کرانیوالوں کا ریٹرننگ آفیسر اور الیکشن کمشن کے دفتر میں بے پناہ رش رہا۔ سرائے مغل سے نامہ نگار کے مطابق رانا گروپ، نئی گروپ اور جماعت اسلامی کے سینکڑوں امیدواروں نے تحصیل کچہری پتوکی میں ریٹرننگ افسران کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے۔ خانقاہ ڈوگراں سے نامہ نگارکے مطابق میونسپل کمیٹی خانقاہ ڈوگراں میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے والوں کا رش رہا۔ ایک ایک وارڈ میں کئی کئی امیدوار سامنے آگئے۔ کوٹ رادھا کشن سے نامہ نگار کے ماطبق تحصیل کوٹ رادھا کشن کی 10یونین کونسلوں میں 160امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں۔ 12وارڈوں کے لئے 80امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے۔ نامزدگی فارم جمع کراتے وقت امیدواروں میں انتہائی جوش و خروش پایا گیا۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق ٹائون آفس کامونکے میں شہر کی 48یونین کونسلوں میں کونسلر کا الیکشن لڑنے کیلئے 225امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے جبکہ دیہاتی ایریا کی یونین کونسلوں کیلئے بھی سینکڑوں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق میونسپل کمیٹی شرقپور شریف سٹی کے 19 وارڈز کے 80 امیدواروں نے ریٹرننگ افسران کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ دوسری جانب تحصیل آفس میں 37امیدواروں نے ریٹرننگ افسر کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ دریں اثنا لاہور میں گذشتہ روز 34ریٹرننگ افسران کے پاس 4808 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن