بھارت نے پاکستان کو 400 ملین کیوبک فٹ یومیہ گیس برآمد کرنے کی خواہش ظاہر کردی
نئی دہلی(آن لائن) بھارت نے پاکستان کو 400 ملین کیوبک فٹ یومیہ گیس برآمد کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے تاہم پاکستان نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ گیس کی زائد قیمت پر نظر ثانی کرے ۔ ایک بھارتی اخبار کے مطابق بھارت کی وزارت پٹرولیم نے کہا ہے کہ پاکستان 110 کلو میٹر طویل گیس پائپ لائن کے ذریعے بھارت سے گیس برآمد کرنے کے لیے تیار ہے تاہم اس نے بھارت سے گیس کی قیمت پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم لائن آف کنٹرول پر کشیدگی سے یہ منصوبہ پس پشت چلا گیا ہے ۔ بھارتی وزارت پٹرولیم کے ایک سینئر افسر کے مطابق دونوں فریقوں کے درمیان گیس کی قیمت سمیت گیس درآمد کے دیگر پہلوئوں پر مذاکرات جاری ہیں ۔ بھارتی اخبار کے مطابق بھارت میں درآمد کی جانے والی مائع قدرتی گیس کی قیمت 13سے 14ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ ہے اور درآمدی ڈیوٹی ، مقامی ٹیکس اور پائپ لائن کی قیمت ملا کر پاکستان کو 21 ڈالر فی ایم جی ٹی یو کی قیمت پر گیس فروخت کی جائے گی جبکہ مائع قدرتی گیس کو گیس کی شکل بھی بھارت ہی دے گا کیونکہ پاکستان کے پاس یہ نظام موجود نہیں ہے ۔ اب تک بھارت اور پاکستان کے درمیان اس معاملے پر مذاکرات کے پانچ دور ہوئے ہیں جن میں اس منصوبے کے قابل عمل ہونے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔