• news

بڑے ٹورنامنٹس کے بغیر ٹینس کا فروغ ممکن نہیں: رشید ملک

لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق ٹینس کوچ رشید ملک نے کہا ہے کہ جب تک ملک میں بڑے پیمانے پر ٹورنامنٹ کاانعقاد اور اس کھیل کو سکول و کالج کی سطح پر فروغ نہیں دیا جائے گاپاکستان کے لیے نوجوان ٹیلنٹ دستیاب نہیں ہوسکے گا۔ باغ جناح ٹینس کورٹ میں پنجاب ٹینس ایسوسی ایشن کے تعاون سے شروع ہونے والے ایونٹ کے افتتاح کے موقع پر اعصام الحق کی کوچنگ کرنے والے رشید ملک کا کہنا تھا  کہ وہ امریکہ سے واپسی پر فیصلہ کرچکے تھے کہ پاکستان میں جاکر ٹینس کے فروغ کے لیئے کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نومبر اور دسمبر میں پانچ ٹورنامنٹ منعقد کروا کر پنجاب میں ٹینس کا نیا ٹیلنٹ تلاش کریں گے اور اگر پنجاب ٹینس ایسوسی ایشن کی طرح پاکستان ٹینس فیڈریشن نے بھی تعاون کیا تو پاکستان بھر میں ٹینس کے زیادہ سے زیادہ ایونٹ منعقد کرواکر قومی ٹینس سٹار اعصام الحق جیسے مستقبل کے سٹارز کی کھوج جاری رکھیں گے۔ایک سوال کے جواب میں رشید ملک کا کہنا تھا کہ پنجاب ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر راؤ افتخار کی ہدایت پر شروع ہونے والے ٹورنامنٹ  18 نومبر تک جاری رہے گا ۔

ای پیپر-دی نیشن