بھارت اپنے جنگی جنون سے خطے میں ایٹمی جنگ کو دعوت دے رہا ہے: برجیس طاہر
اسلام آباد (سردار حمید+ وقت نیوز) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چودھری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بھارت اپنے جنگی جنون سے ایٹمی جنگ کو دعوت دے رہا ہے، اقوام متحدہ کی طرف سے اپنی ہی قراردادوں پر عملدرآمد نہ کرانا افسوسناک ہے۔ طالبان سے مذاکرات ہی پاکستان کے مفاد میں ہیں اگر ڈرون حملے نہ رکے تو امریکہ سے تعلقات پر نظرثانی کی جائے۔ وقت نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت اپنے جارحانہ عزائم کے باعث لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کرکے حالات کو خرابی کی طرف لے جا رہا ہہے۔ بھارت خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے گیا اور اب اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کو حل نہیں کرنا چاہتا۔ سات لاکھ فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کرکے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو ختم نہیں کر سکا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اسے ہر صورت آزاد کرائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ دیا جا رہا ہے جلد ہی اس حوالے سے مزید قانون سازی کی جائیگی۔ طالبان سے مذاکرات واحد راستہ جس کے ذریعے ہم اپنے ملک میں امن لا سکتے ہیں۔ اس بحث میں نہیں پڑھنا چاہئے کہ کون شہید ہے اور کون نہیں۔