• news

الرجی اور بخار ہے، مشرف کا ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے سے انکار

 اسلام آباد (این این آئی) مشرف نے غداری کیس میں ایف آئی اے کے سامنے فوری طور پر پیش ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے الرجی اور بخار ہے، غداری کیس میں 20 نومبر کے بعد تفتیش کی جائے جبکہ ایف آئی اے نے سابق صدر پرویز مشرف سے طبی سرٹیفکیٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ طبی سرٹیفکیٹ کے جائزے کے بعد تفتیش کیلئے تاریخ دینگے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی طرف سے انکے سکیورٹی افسر ریٹائرڈ کرنل الیاس نے ایف آئی اے کو ایک خط لکھا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پرویز مشرف کو الرجی اور بخار ہے، وہ فوری طورپر غداری کیس میں پیش نہیں ہوسکتے۔ خط میں کہا گیا کہ غداری کیس میں 20 نومبر کے بعد تفتیش کی جائے تاہم ایف آئی اے نے سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے لکھے گئے خط کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف اپنا قانونی طبی سرٹیفکیٹ فراہم کریں طبی سرٹیفکیٹ کے جائزے کے بعد تفتیش کیلئے تاریخ دینگے۔ ایف آئی اے نے سابق صدر پرویز مشرف کے خط کے جواب میں کہا کہ پرویز مشرف تفتیش کیلئے ازخود وقت مقرر نہیں کرسکتے۔ 

ای پیپر-دی نیشن