• news

یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائیگا، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی

لاہور + اسلام آباد (نامہ نگار + سٹاف رپورٹر + خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں یوم عاشور کل (جمعۃ المبارک) مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائیگا، علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے اور شام غریباں منائی جائے گی، آج نویں اور کل دسویں محرم پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی اور 9 اور 10 محرم کو سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔ سبیلیں اور لنگر تقسیم کیا جائے گا، یوم عاشور کے موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جبکہ پنجاب میں آج 9 محرم اور کل 10 محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے، آج دوپہر 12 بجے سے کل رات 12 بجے تک موٹر سائیکل پر پابندی ہو گی تاہم خواتین، بچے، صحافی اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے آج 9 محرم اور کل 10 محرم کو ملک کے 25 شہروں میں جلوس کے راستوں میں موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج نو محرم کی رات صوبائی دارالحکومت میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہو گا جو اپنے راستوں پر گشت کرتا ہوا یوم عاشور کی رات کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آج اور کل پنجاب میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ اس کا اطلاق تمام علاقوں پر ہو گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ امن و امان کے لحاظ سے 13 اضلاع حساس ہیں، ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ قیام امن کے لئے کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں یوم عاشور کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے نویں اور دسویں محرم الحرام کیلئے سکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔ پشاور میں دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ اندرون شہر محرم کے پیش نظر مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ جلوس کے تمام راستوں کے قریبی علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ نویں اور دسویں محرم الحرام کے لئے لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی پلان تیار کر لیا۔ مرکزی جلوس کے راستے بند ہوں گے اور جلوس کی سکیورٹی پر 15 ہزار پولیس اہلکار اور 763 ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی انجام دیں گے، ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ شہر میں 280 کیمرے نصب کئے گئے ہیں جن سے ماتمی جلوسوں کی نگرانی کی جائے گی۔ سکیورٹی پلان کے مطابق مرکزی جلوس میں شرکت کے لئے لوگ صرف موچی دروازے کے راستے سے ہی آسکیںگے جلوس میں شامل ہر شخص کی چار مرتبہ تلاشی لی جائے گی۔ سکیورٹی کی گاڑیاں جلوس کے ساتھ چلیں گی جن میں خفیہ کیمرے لگے ہوں گے موچی گیٹ، بھاٹی گیٹ اور لوئر مال کی ملحقہ سڑکیں اور گلیاں شامیانوں اور خاردار تاروں سے بند کر دی جائیں گی۔ ادھر پشاور میں افغان مہاجرین کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے اور جن افغان مہاجرین کے پاس کوائف موجود نہیں انہیں فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا جائے گا۔ پشاور میں اسلحے کے پرمٹ بھی تین روز کے لئے منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزارت داخلہ نے محرم الحرام پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔ حکومت نے آج اور کل فوج براہ راست تعینات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایمرجنسی میں فوج طلب کی جا سکے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف سے وزیر داخلہ چودھری نثار نے ملاقات کی ہے جس میں نو اور دس محرم کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں وزیر داخلہ چودھری نثار نے وزیر اعظم نواز شریف سے ایوان وزیر اعظم میں ملاقات کی اس موقع پر ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے وزیر اعظم کو نو اور دس محرم میں صوبائی حکومتوں کے سکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا۔ این این آئی کے مطابق گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں نو اور دس محرم کو موبائل فون سروس بند کرنے کے لئے درخواستیں وزارت داخلہ کو موصول ہو گئی ہیں۔ حتمی منظوری وزیر داخلہ چودھری نثار دیں گے۔ سپیشل رپورٹر کے مطابق حکومت پنجاب نے آج اور کل پنجاب میں سرکاری چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو سرکاری چھٹی ہونے سے سرکاری ملازمین کی چار چھٹیاں ہو گئی ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق جلوسوں کے روٹس اور اطراف میں موبائل سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس میں کیا گیا۔ پنجاب کے 13 اضلاع میں جلوسوں کے روٹس پر موبائل سروس بند ہو گی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ میں امن و امان کے حوالے سے پاک آرمی نے فضائی نگرانی شروع کر دی ہے۔ ڈسٹرکٹ بھر میں پاک آرمی کے دو ہیلی کاپٹر آج اور کل بھی امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کے راتوں کے اوپر فضائی نگرانی کریں گے۔ ثناء نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی فیصلے کے مطابق ملک بھر کے 25 شہروں میں موبائل فون سروس بند رہے گی، پی ٹی اے کے احکامات آج رات تک موبائل فون کمپنیوں کو موصول ہو جائیں گے اور مخصوص شہروں میں جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بند کی جائے گی، پنجاب میں لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی، جھنگ، اٹک، فیصل آباد، سرگودھا، رحیم یار خان، بھکر، ڈی جی خان، مظفر گڑھ اور پاک پتن شامل ہیں۔ سندھ میں کراچی، حیدر آباد، خیرپور، سیہون، نوابشاہ اور لاڑکانہ جبکہ خیبر پی کے میں ڈی آئی خان، کوہاٹ، ہنگو، لکی مروت، بنوں، پشاور میں بھی موبائل فون بند رہیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن